ورلڈ کپ ، بھارت نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت 89رنز سے شکست دیدی

روہت شرما کی سنچری، کوہلی کی نصف سنچری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 16 جون 2019 23:33

ورلڈ کپ ، بھارت نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت 89رنز سے شکست ..
مانچسٹر(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 جون2019ء) آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ءکے 22ویں میچ میں بھارت نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت 89رنز سے شکست دیدی ہے ۔ بھارت کے 337رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز ٹیم کو عمدہ آغاز نہ دے سکے اور امام الحق 7رنز بنا کر شنکر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے ،دوسری وکٹ پر بابر اعظم اور فخر زمان نے 104 رنز کی شراکت قائم کی،اس دوران پاکستانی اوپنر نے اس دوران اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

337 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں117 کے سکور پر بابر اعظم 48 رنز بناکر کلدیپ یادیو کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔126 کے سکور پر اوپنر فخر زمان 62رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے، ان کی وکٹ بھی کلدیپ یادیو کے حصے میں آئی۔129کے سکور پر 26ویں اوورز میں پانڈیا نے لگاتار دو گیندوں پر محمد حفیظ اور شعیب ملک جیسے سینئر بیٹسمینوں کی وکٹیں اپنے نام کرلیں۔

(جاری ہے)

عماد وسیم اور کپتان سرفراز احمد نے انڈر پریشر ٹیم کا سکور آگے بڑھانے کی کوشش کی، کپتان سرفراز احمد اس موقع پر شدید دباﺅمیں نظر آئے اور 30 گیندوں پر صرف 12 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے۔

بارش رکنے پر پاکستان کو جیت کےلئے ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت302رنز کا ہدف ملا تاہم سرفراز الیون مقررہ 40اوور ز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 212رنز بنا سکی ۔ اس سے قبل مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراﺅنڈ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ،بھارت کی جانب سے روہت شرما اور کے ایل راہول نے اننگز کا آغاز کیا۔دونوں بلے بازوں نے فاسٹ باﺅلر محمد عامر کےخلاف محتاط انداز اپنایا لیکن حسن علی کے خلاف جارحانہ کھیل پیش کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 131 رنز بنائے،روہت شرما نے 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 34 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی جب کہ کے ایل راہول نے 69 گیندوں پر نصف سنچری بنائی جس میں ایک چھکا اور تین چوکے بھی شامل تھے،بھارت کا سکور 136 تک پہنچا تو راہول وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوگئے، انہوں نے 78 گیندوں پر 57 رنز کی اننگز کھیلی،دوسری وکٹ پر روہت شرما اور کپتان ویرات کوہلی نے سکو ر آگے بڑھانا شروع کیا ، دوسری وکٹ پر روہت شرما اور کپتان ویرات کوہلی نے 98 رنز کی پارٹنرشپ بنائی اور شرما 85 گیندوں پر 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے اپنے کیرئیر کی 24ویں سنچری بنانے میں کامیاب رہے،بھارت کا مجموعی سکور 234 تک پہنچا تو روہت شرما 140 رنز بنا کر حسن علی کا شکار بنے۔

ہارک پانڈیا26رنز بنا کر محمد عامر کا شکار بنے ، دھونی بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور صرف 1رن بنا کر عامر کی دوسری و کٹ بنے ،میچ میں46 اعشاریہ 4 اوورز میں بھارت نے 4 وکٹ پر 305رنز بنائے تھے کہ بارش ہوگئی،تھوڑے وقفے کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا۔48 ویں اوورز میں کپتان ویرات کوہلی 77رنز بناکر محمد عامر کا تیسرا شکار بن گئے،انہوں نے میچ میں7 چوکے لگائے۔

پاکستان کی طرف سے محمد عامر نے 10اوورز میں 47رنز کے عوض 3،وہاب ریاض نے 10اوور میں 71رنز دےکر ایک اور حسن علی نے 9اوورز میں 84رنز دیے اور ایک وکٹ اپنے نام کی۔ٹاس جیتنے کے بعد سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پچ پر نمی دکھائی دے رہی ہے اسلئے پہلے بولنگ کرنا مفید ثابت ہوسکتا ہے۔کروڑوں شائقین ٹی وی سکرین کے سامنے اس میچ کے منتظر ہیں اور وہیں ہزاروں اولڈ ٹریفورڈ گراﺅنڈ کے اندر اور باہر موجود ہیں۔

بھارت کےخلاف قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، شاہین شاہ آفریدی اور آصف علی کی جگہ سپنر شاداب خان اور عماد وسیم کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔قومی ٹیم امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، وہاب ریاض اور حسن علی پر مشتمل ہے۔ہر چار سال بعد آنےوالے کرکٹ ورلڈ کپ کی جنگ میں ابتک جیت صرف بھارت کی ہوئی ہے، یہ دونوں ٹیمیں اب تک 6 بار آمنے سامنے آئی ہیں اور ہر بار پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

خیال رہے کہ ورلڈکپ میں پاکستان نے اب تک 4 میچز کھیلے ہیں جس میں اسے 2 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میں کامیابی حاصل ہوئی اور ایک میچ بارش کی نذر ہو ئی،پاکستانی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 3 پوائنٹس ساتھ 9ویں نمبر پر موجود ہے جبکہ بھارت 5 پوائنٹس کےساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔