مقبوضہ کشمیر، مشتاق الاسلام کا اسلام آباد اور پلوامہ کے شہداء کو خراج عقیدت

پیر 17 جون 2019 11:45

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما مشتاق الاسلام نے حال ہی میں اسلام آباد اور ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ نو جوان ایک عظیم اور مقدس مقصد کے لئے اپنی جانوں کانذرانہ پیش کررہے ہیں۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مشتاق الاسلام نے شہیدنوجوانوں کے اہل خانہ سے ہمدردی اوریکجہتی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاںتحریک آزادی کا انمول اثاثہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کا حل نہ ہونامسلسل خونریزی کی اصل وجہ ہے۔انہوں نے کہاکہ جموںوکشمیر میں امن کا قیام اس وقت تک ایک خواب ہی رہے گاجب تک مسئلہ کشمیر کو اس کے تاریخی پس منظر اور عوامی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا۔

(جاری ہے)

مشتاق الاسلام نے کشمیریوں کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کے مشن کی تکمیل تک جدوجہدہرقیمت پر جاری رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام اور ان کے مقامی حاشیہ برداروں نے کشمیری عوام کے خلاف باضابطہ جنگ چھیڑ رکھی ہے اور کشمیر کے طول وعرض میں نہتے شہریوںپر مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔ دریں اثناء مشتاق الاسلام نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان غلام احمد گلزاراور مسلم لیگ کے جنرل سیکرٹری محمد رفیق گنائی کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ قابض حکام نے ہر قسم کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد کرکے ایک ایسا ماحول قائم کررکھا ہے جہاں انسان کا دم گھٹتا ہے۔ انہوں نے کہا قابض حکام تحریک آزادی کے رہنمائوںکا سیاسی میدان میں مقابلہ کرنے کے بجائے قیدوبند اور پابندیوں کا سہارا لے رہے ہیں۔