امریکا خطے میں تیل کی آزادانہ رسد کو یقینی بنائے گا. مائیک پومپیو

امریکا سفارتی اور دیگر تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے موثر نتائج حاصل کرے گا. امریکی وزیرخارجہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 17 جون 2019 11:58

امریکا خطے میں تیل کی آزادانہ رسد کو یقینی بنائے گا. مائیک پومپیو
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17 جون۔2019ء) امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے خلیج میں تیل بردار جہازوں پر حملوں کے حوالے سے ایران پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا خطے میں تیل کی آزادانہ رسد کو یقینی بنائے گا. امریکی نشریاتی ادارے کے ساتھ اپنے انٹرویو میں پومپیو نے کہا کہ آپ کو یہ تصور کرنا چاہیے کہ ہم یہاں سے تیل کی آزادانہ سپلائی کو یقینی بنانے جارہے ہیں.

انہوں نے کہا کہ یہ ایک عالمی امتحان اور پوری دنیا کے لیے اہم ہے اور امریکا سفارتی اور دیگر تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے موثر نتائج حاصل کرے گا.

(جاری ہے)

تیل بردار جہازوں پر ہونے والے حملوں کی ذمہ داری ایران پر عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو کچھ یہاں ہوا وہ غلطی سے نہیں ہوا‘مائیک پومپیو نے کہا کہ یہ اسلامی جمہوری ایران کی جانب سے تجارتی جہازوں، آزادانہ نقل و حرکت پر حملے تھے جس کا واضح مقصد یہاں سے تیل کی سپلائی روکنا تھا.

امریکی سیکرٹری اسٹیٹ نے اس حوالے سے کس طرح کی کارروائی ہوگی اس پر کوئی اشارہ نہیں دیا تاہم ایران کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا‘خیال رہے کہ دنیا کی ایک تہائی تیل کی سپلائی آبنائے ہرمز سے گزرتی ہے جو ایران کے شمال کے چھوٹے سے حصے سے گزرتی ہوئی خلیج اور خلیج عمان تک پھیلی ہوئی ہے. قبل ازیں 13 جون کو خلیج عمان میں تیل بردار دو جہازوں پرحملہ کیا گیا تھا تاہم جہازوں کے عملے کو باحفاظت نکال لیا گیا تھا.

گزشتہ ماہ فجیرہ کے ساحلی شہر کی بندرگاہ پر 4 جہازوں میں تخریب کاری کی کوشش پر متحدہ عرب امارات کی جانب سے مذمتی بیان سامنے آیا تھا، تاہم اس سے قبل وہ ساحلی علاقے میں کسی بھی قسم کے حملوں کی تردید کررہے تھے. بعد ازاں سعودی عرب کا کہنا تھا کہ ساحل پر تخریب کاری کا نشانہ بنائے جانے والے 4 جہازوں میں سے 2 تیل بردار جہاز ان کے ہیں، جنہیں حملے میں شدید نقصان پہنچا تھا.

مشرق وسطیٰ میں آئل ٹینکر پر ہونے والے حملوں اور چین امریکا تجارتی کشیدگی کے پیش نظر عالمی معیشت پر دباﺅ کے بعد سرمایہ کاروں اور تاجروں میں تشویش کی صورتحال پیدا ہونے پر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا تھا‘متحدہ عرب امارات نے رواں ہفتے ہوئے حملے کے بعد عالمی برادری سے تیل کی سپلائی کو محفوظ بنانے کا مطالبہ کیا تھا.

سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے تیل بردار جہازوں پر حملوں کی ذمہ داری ایران پر عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے ملک کو دی جانے والی دھمکیوں سے نمٹنے کے لیے کسی قسم کی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گے. محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ ہم خطے میں جنگ نہیں چاہتے لیکن ہم اپنے عوام کو، ملک کے استحکام کو اور اپنے مفاد کو دی جانے والی دھمکیوں کا جواب دینے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گے. ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران نے تہران میں جاپانی وزیراعظم کے مہمان ہونے کا بھی خیال نہیں کیا اور ان کی سفارتی کوششوں کا یوں جواب دیا کہ خطے میں 2 ٹینکرز پر حملہ کیا گیا جن میں سے ایک جاپانی تھا.