شعیب اختر نے سرفراز کو ’عقل سے عاری کپتان ‘ قرا ر دیدیا

حسن علی واہگہ بارڈر پر چھلانگیں لگانے کی بجائے گراﺅنڈ پر پرفارم کریں: سپیڈ سٹار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 17 جون 2019 13:21

شعیب اختر نے سرفراز کو ’عقل سے عاری کپتان ‘ قرا ر دیدیا
مانچسٹر(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جون2019ء) راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو ’ریلو کٹا‘ قرار دے دیا۔آئی سی سی ورلڈ کپ کے سلسلے میں گزشتہ روز ہونےوالے میچ میں بھارتی ٹیم کے ہاتھوں شکست کھانے پر ایک جانب پاکستانی غم و غصے کا شکار ہیں تو وہیں سابق کھلاڑی بھی خراب کاکردگی اور غلط فیصلوں پر سراپائے احتجاج بنے نظر آرہے ہیں۔

بھارت سے شرمناک ہار پر شعیب اختر نے تبصرہ کرتے ہوئے سبھی کھلاڑیوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انکی غلطیاں گنوائیں۔
شعیب اختر کا کہنا ہے کہ ہم بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر آدھا میچ جیت گئے تھے مگر آپ نے کوشش کی کہ ہم یہ میچ نہ جیتیں، بھارت سے بیٹنگ کروا کر ہم نے ویرات کوہلی کی غلطیاں دہرائی جو انہوں نے چیمپئنز ٹرافی کے دوران کی تھیں۔

(جاری ہے)

شعیب نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ کوئی اتنا کند ذہن کپتان کیسے ہو سکتا ہے جسے معلوم ہو کہ ہم رن ریٹ حاصل نہیں کر سکتے، سرفراز کوعلم ہونا چاہئے تھا کہ ہماری بیٹنگ لائن اپ ہماری طاقت نہیں بلکہ ہماری باﺅلنگ اس سے بہتر ہے، ہم نے 5 باﺅلرز کھلائے جو کوئی پرفارمنس نہیں دے سکے،پاکستانی ٹیم کے کھیل میں کوئی پلاننگ نظر نہیں آئی، سب کھلاڑی ایک جیسی بلے بازی کر رہے تھے۔

شعیب اختر نے حسن علی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ واہگہ بارڈر پر چھلانگیں لگاتے ہو، گراﺅنڈ میں زور لگاﺅ، آپکی طاقت اور ہمت کی ضرورت گراﺅنڈ میں ہے، یہ حرکتیں اسوقت اچھی لگتی ہیں جب آپ 6 ، 7 وکٹیں لیں، آپ نے تو 84 رنز دے دیئے۔سپیڈ سٹار نے محمد عامر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دیر سے وکٹیں لیں ، عامر اچھے باﺅلر ہیں لیکن ضرورت کے وقت انہوں نے وکٹ نہیں لی اور بعد میں انکی وکٹوں کا ہمیں کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

شعیب اختر نے چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھتیجے امام الحق کے بارے میں کہا کہ اس کو بیٹنگ کی تکنیک کی الف ب تک نہیں پتا، وہ سپنر اور پیسر کو ایک انداز میں کھیلتے ہیں ،وہ اب تک کوئی خاص رنز نہیں بنا سکے، نہ ہی کوئی ہٹ مار سکے۔43 سالہ شعیب اختر نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان ہم سے جب بھی جیتا ہے اپنی باﺅلنگ کی وجہ سے جیتا ہے، ہماری بیٹنگ لائن ہمیشہ بھارتی باﺅلنگ کے سامنے فیل ہوئی ہے، یہ تاثر غلط ہے کہ آپکی بیٹنگ نہیںآپکی باﺅلنگ آپکو جتاتی ہے۔