بھارت کی پاکستان کا نمک فروخت کر کے اربوں روپے کمانے کی اطلاعات

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ان اطلاعات کی حقیقت بتا دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 17 جون 2019 13:42

بھارت کی پاکستان کا نمک فروخت کر کے اربوں روپے کمانے کی اطلاعات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جون 2019ء) : گذشتہ کافی عرصہ سے سوشل میڈیا پر کچھ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ بھارت پاکستان سے سستے داموں نمک لے کر اُسے آگے فروخت کر کے اربوں روپے کما رہا ہے ۔ اس طرح کی اطلاعات کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کا آغاز ہو گیا تھا کہ پاکستان کو چاہئیے کہ بھارت جن جن ممالک کو نمک فروخت کر کے زر مبادلہ کما رہا ہے ، پاکستان ان ممالک کو خود براہ راست نمک فروخت کرے ۔

انٹرنیٹ صارفین کا کہنا تھا کہ اس طرح حاصل ہونے والی رقم سے ملکی قرضے اُتارنے میں مدد مل سکتی ہے تاہم اب وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اس حوالے سے وضاحت کر دی ہے۔ نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی تھی لیکن چونکہ میرا اپنا تعلق کھیوڑہ جہلم سے ہے، کھیوڑہ دنیا کی دوسری بڑی سالٹ مائن ہے۔

(جاری ہے)

میں نے پی ایم ڈی سی کو اس معاملے پر انکوائری کی ہدایت کی ۔ انہوں نے مجھے جو انکوائری رپورٹ پیش کی ہے اُس کے مطابق یہ کہنا کہ بھارت پاکستان کا نمک بیچ کر ملین ڈالر کما رہا ہے ایسا کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نمک کی کُل پراڈکشن 3700 ملین ٹن ہے اور 2018ء اور 2019ء میں جو نمک ہم نے ایکسپورٹ کیا وہ 92 ملین ٹن ہوئی ہے۔ جس میں سے بھارت کو تقریباً سات سو ملین ٹن کی ایکسپورٹ کی گئی۔

جس کی کُل قیمت 1.4 ملین ڈالر بنتی ہے جو کہ معمولی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں نمک کی جتنی پیداوار ہوتی ہے اُس میں سے 90 سے 95 فیصد نمک ہمارے ہاں ہی استعمال ہو جاتا ہے۔ زیادہ نمک انڈسٹریل نمک ہے جیسے سیمنٹ اور دیگر انڈسٹریز میں استعمال ہوتا ہے۔ اس نمک کی راک سالٹ کی شکل میں کان کنی ہو رہی ہے۔ ہمارے ملک میں کان کنی پُرانے اور پسماندہ طریقوں سے ہو رہی ہے جدید طریقے نہیں اپنائے جا رہے ۔

ہمارے ملک میں کارخانے بھی نہیں ہیں جو کان کنی کو اپ گریڈ کر سکیں۔ نمک کی ایکسپورٹ سے بلاشُبہ اُتنا فائدہ تو نہیں اُٹھایا جا سکتا جتنا کہا گیا ہے لیکن پھر بھی اس سے فائدہ ہو سکتا ہے۔ کھیوڑہ میں اگر کوئی کارخانہ لگا دیا جائے جس سے نمک کی اشیا بنائی جا سکیں اور اس کو اپ گریڈ کیا جا سکے تو ملک کو فائدہ ہو سکتا ہے اور اچھی آمدن آ سکتی ہے۔ میں نے پی ایم ڈی سی سے کہا ہے کہ حکومت ایک فزیبلٹی بنا دے اور کوئی پرائیویٹ سیکٹر آ کر نمک کا کارخانہ بنا سکے تاکہ حکومت ان کے لیے کوئی راستہ بنا سکے۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں: