پنجاب بجٹ میں کسانوں کی آمدن پر عائد ٹیکس ڈیڑھ لاکھ روپے سالانہ سے کم کر کے تین ہزار روپے کر دیا گیا ہے، چوہدری عدنان

پیر 17 جون 2019 14:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) پارلیمانی سیکرٹری ریونیو پنجاب چوہدری عدنان نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال2019-20ء کے صوبائی بجٹ میں کسانوں پر آمدن کی بنیاد پر عائد ٹیکس کو ڈیڑھ لاکھ روپے سالانہ سے کم کر کے صرف تین ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

چوہدری عدنان نے بتایا کہ بجٹ میں حجاموں یا موچیوں پر مزیدکوئی ٹیکس نہیں لگا یا گیا ،اس کے برعکس گزشتہ سال بیوٹی سیلونز پر پہلے سے عائد 16فیصد ٹیکس میں 11فیصد تک کمی کر کے ٹیکس کی شرح 5 فیصد کر دی گئی تھی، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اس میں مزید کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

چوہدری عدنان نے مز ید بتایا کہ بجٹ میں زراعت کو اہمیت دی گئی ہے ، زراعت کی ترقی سے ہی ملک ترقی کرے گا ، پنجاب زرعی صوبہ ہے اس لئے پنجاب میں زرعی شعبہ اورزراعت حکومت کی اولین ترجیح میں شامل ہے ۔ریونیوحاصل کرنے کے لئے عوام پر بوجھ نہیں ڈال رہے ، ریونیو کے حصول کے لئے محکمہ مال سمیت دیگر محکموں سے تجاویز لے کر آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کریں گے، ٹیکس فری بجٹ سے نہ صرف مقامی کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہو گا بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھی ایک مثبت پیغام جائے گا۔