Live Updates

مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی

زور لگایا جائے تو حکومت گر سکتی ہے، رانا ثنا اللہ حکومت گرنے کے بعد کیا ہو گا ؟ بلاول بھٹو زرداری کے سوال پر سب خاموش ہو گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 17 جون 2019 14:18

مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری کی  ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جون 2019ء) : مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کے مابین گذشتہ روز ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملاقات میں موجود مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر ہم مل کر زور لگائیں تو حکومت گرائی جا سکتی ہے جس پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے سوال کیا کہ حکومت گرانے کے بعد کیا ہو گا ؟ بلاول بھٹو زرداری کے اس سوال پر سب خاموش ہو گئے جس کے بعد حکومت گرانے کی گفتگو آگے نہیں بڑھ سکی۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سے ہونے والی ملاقات پر پارٹی رہنما اعتزاز احسن کو اعتماد میں لینے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

لیکن اعتزاز احسن مسلم لیگ ن پر اعتبار کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق اعتزاز احسن نے پارٹی چئیرمین سے کہا کہ مسلم لیگ ن مشکلات کا شکار ہے۔ مسلم لیگ ن قربت کا فائدہ اُٹھا کر ڈیل کر سکتی ہے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن اورپاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت حکومت مخالف تحریک چلانے کے لیے حکمت عملی پر غور کر رہی ہے لیکن دونوں جماعتوں کے کئی رہنماؤں نے اس معاملے پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اس سے قبل بھی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے اہم رہنما کسی بھی صورت میں مشترکہ تحریک چلانے کے حوالے سے ایک دوسرے پر اعتماد کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

پاکستان پیپلزپا رٹی کے اندر واضح طور پر اہم رہنما پارٹی اجلاسوں میں اور نجی محفلوں میں یہ کہہ چکے ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کے خلاف تحریک مسلم لیگ ن نہیں چلائے گی، ن لیگ صرف پیپلزپا رٹی کو اپنے ساتھ ملا کر حکومت پر پریشر بنا کر مزید ریلیف لینا چاہتی ہے ۔جبکہ ن لیگ کے اندر بھی اسی طرح پیپلزپارٹی کے حوالے سے عدم اعتماد پایا جا رہا ہے اور ن لیگ کی ایک بڑی اکثریت اجلاسوں میں اور دیگر مواقع پر یہ کہہ چکی ہے کہ پیپلزپا رٹی اور حکومت میں معاملات چل رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بھی مسلم لیگ ن کے بھی کئی رہنماؤں کو پیپلز پارٹی پر کچھ تحفظات ہیں اور وہ کئی بار پارٹی قیادت کو اس بارے میں اپنے عدم اعتماد سے متعلق آگاہ کر چکے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات