سرسیدیونیورسٹی کے زیرِ اہتمام تقریبِ عید ملن کا انعقاد

زندگی کے ہر لمحے کو تشکر، صبر اور تحمل سے گزارنے کے روحانی تجربے کا نام خوشی ہے۔عید کی خوشیاں بھی ایک ایسے ہی تجربے کا انعام ہیں،جاوید انوار

پیر 17 جون 2019 14:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2019ء) علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام عید ملن تقریب کا انعقادکیا گیا جس کے میزبان ایسوسی ایشن کے صدر اور سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار تھے۔تقریب کے شرکاء میں وائس چانسلر کموڈور سلیم صدیقی، حکیم عبدالحنان، مختلف شعبہ جات کے سربراہان کے علاوہ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے اراکین اور عہدیداران کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ زندگی کے ہر لمحے کو تشکر، صبر اور تحمل سے گزارنے کے روحانی تجربے کا نام خوشی ہے۔عید کی خوشیاں بھی ایک ایسے ہی روحانی تجربے کا انعام ہیں۔عیدالفطر صرف ایک مذہبی تہوار ہی نہیں بلکہ خوشی اور مسرت کے اظہار کا ایک بہت بڑا دن بھی ہے جو ہمیں امن اور بھائی چارے کے فروغ کا درس دیتا ہے۔

(جاری ہے)

آج جب کہ معاشرہ تقسیم در تقسیم کے عمل سے گزر رہا ہے، ایسی ناگفتہ بہ صورتحال میں ایسا موقع فراہم ہوجاناکہ احباب باہم اکھٹے بیٹھ کر چند لمحات مسرت کے گزار لیں یقینا ایک انعام سے کم نہیں۔انھوں نے کہا کہ سرسید یونیورسٹی ایک نظریاتی درسگاہ ہے اور ہم سرسید احمد خان کے پیروکار ہیں۔فکر سرسیدکی تقلید میں ایجوکیشن سٹی میں واقع ۰۰۲ ایکڑ زمین پر سرسید یونیورسٹی کے نئے کیمپس کی تیاری کے کام میں تیزی سے پیشرفت ہورہی ہے۔

یہ جامعہ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کی طرز پر ایک رہائشی یونیورسٹی ہوگی جو سرسید احمد خان کے فکر کی عکاسی کرے گی۔اِس یادگار موقع پرعلیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری محمد ارشد خان نے کہا کہ معاشرے میں برداشت ختم ہوتی جارہی ہے۔ہم اپنے اسلاف کی جدوجہد اور کاوشوں کو بھولتے جارہے ہیں۔اختلاف نظریے سے ہونا چاہئے، شخصیت سے نہیں۔ذاتی مفاد اور انا کو ادارے کے مفاد پرترجیح دیناا، ادارے کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔اس موقع پر سنیئر علیگ ڈاکٹرمعصوم علی ترمذی اور سلمان صالح کی مغفرت اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔

متعلقہ عنوان :