پاکستانی کھلاڑیوں کی رات گئے تھے ہوٹل سے باہر رہنے کی مبینہ وائرل ویڈیو

سابق منیجر نوید اکرم چیمہ کے ڈسپلن کی سختی کی اہمیت کا کرکٹ کے کرتا دھرتائوں کواحساس ہوگیا

پیر 17 جون 2019 15:45

لاہور۔17 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سمیت دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کی رات گئے تھے ہوٹل سے باہر رہنے کی مبینہ ویڈیو وائرل ہونے پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق منیجر نوید اکرم چیمہ کے ڈسپلن کی سختی کی اہمیت کا کرکٹ کے کرتا دھرتائوں کوشدت سے احساس ہوگیا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق منیجر نوید اکرم چیمہ نے بطور منیجر قومی کرکٹ ٹیم پر سختی سے ڈسپلن کی پابندی کروائی تھی۔

کھلاڑیوں کو مخصوص اوقات کے علاوہ ہوٹل سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں تھی، ان کے دور میں کھلاڑی کہا کرتے تھے کہ قومی ٹیم پر کرفیو عائد ہے لیکن اسی کرفیو کی بناء پر قومی کرکٹرز وقت پر سوتے تھے اور ان کا کسی قسم کا سکینڈل منظر عام پر نہیں آیا تھا لیکن ان کے جانے کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے زیادہ سختی نہیں کی جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ مختلف کرکٹرز کی شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے ہمراہ ہوٹل میں موجودگی کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس پر کرکٹ شائقین اور سابق کرکٹرز کی طرف سے شدید تنقید کی گئی ہے کہ مبینہ طور شعیب ملک ایک اہم میچ سے قبل ہوٹل سے باہر تھے۔

(جاری ہے)

اس ویڈیو کے حوالے سے متنازعہ خبریں گردش میں ہیں جن میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ثانیہ مرزا، شعیب ملک اور دیگر کرکٹرز کی یہ ویڈیو ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ سے ایک رات پہلے کی نہیں ہے جبکہ ثانیہ مرزا نے بھی اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ان کے اور شعیب ملک کے ایک ہوٹل میں کھانا کھاتے ہوئے بنائی گئی ویڈیو پرائیویسی میں مداخلت ہے، ہمارا بچہ بھی ہمارے ساتھ تھا اور کھلاڑیوں کو میچ ہارنے کے بعد کھانا کھانے کی اجازت ہوتی ہے ۔ پی سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم منیجمنٹ ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتی جبکہ قومی کرکٹ ٹٰیم کے کھلاڑی بھی ڈسپلن کی پابندی سختی سے کرتے ہیں۔