ایف پی سی سی آئی نے وفاقی بجٹ کے حوالہ سے تاجر برادری کی شکایات پر غور کے لئے اعلیٰ سطح کی 17 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی، معروف تاجر رہنما افتخار علی ملک کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، ملک بھر سے تاجروں کو اپنی شکایات تین دن میں کمیٹی تک پہنچانے کی ہدایت

پیر 17 جون 2019 16:00

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایف پی سی سی آئی ) نے وفاقی بجٹ کے حوالہ سے تاجر برادری کی شکایات پر غور کے لئے اعلیٰ سطح کی 17 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ایف پی سی سی آئی کے سربراہ انجنیئر دارو خان اچکزئی نے اعلان کیا کہ معروف تاجر رہنما اور یونائٹڈ بزنس گروپ کے چیئر مین افتخار علی ملک کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔

ملک بھر کی تاجر برادری کے نمائندوں کو اس کمیٹی میں نمائندگی دی گئی ہے جن میں فیڈریشن کے زونل چیئرمین پنجاب رئوف مختار، ایل سی سی آئی کے صدر الماس حیدر شامل ہیں۔ کمیٹی کے دیگر ارکان میں وحید احمد، کریم خلیل، اعجاز عباسی، الیاس بلور، زاہد شنواری، حاجی محمد افضل، زبیر طفیل، خالد تواب، مظہر اے ناصر، بشیر جان محمد، عارف حبیب، نور محمد خان، گوہر اعجاز اور بنیش خان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

کمیٹی کے سربراہ افتخارعلی ملک نے تمام چیمبرز اور تاجر تنظیموں سے کہا ہے کہ اپنی اپنی شکایات تین دن کے اندر ان کو یا ایف پی سی سی آئی کے صوبائی دفاتر کو پہنچائیں تا کہ ان کو متعلقہ حکام تک پہنچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ عبدالحفیظ شیخ، مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود، قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی کے چیئرمین اسد عمر اور گورنر پنجاب محمد سرور چوہدری نے انہیں ملک میں اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی لانے کے لئے تمام متعلقہ فریقوں کو اعتماد میں لیتے ہوئے ٹھوس اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ تاجر برادری کی تمام جائز شکایات دور کرنے کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ ان کی سربراہی میں قائم کی گئی کمیٹی تمام شکایات کو یکجا کرکے اور ڈیٹا تیار کرکے متعلقہ وفاقی وزراء اور مشیروں سے ملاقاتیں کرے گی تاکہ تاجر برادری کی شکایات کا ازالہ اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ حکومتی کمیٹی سے ملاقات سے قبل تاجروں کی تجاویز کو یکجا کرکے ایک بارپھر ان سے مشاورت کریں گے۔

اس سلسلہ میں کمیٹی کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں سٹیک ہولڈرز کے ساتھ اجلاس بھی منعقد کرے گی۔افتخار علی ملک نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور یہ حکومت کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں تاجروں کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کے اقدامات کرے۔اس موقع پر یونائٹڈ بزن گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ کمیٹی تاجر برادری کی امنگوں پر پورا اترے گی۔