Live Updates

مریضوں کے ساتھ لواحقین کو ہسپتا لوں میں تمام ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات جاری،

حکومت تمام بڑے ہسپتالوں میں مریضوں کے تیمارداروں کیلئے شیلٹر ہوم تعمیر کررہی ہے لاہور کے بعد میانوالی ، راجن پور ، اٹک ،ڈی جی خان اور لیہ میں دو دو سو بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کی تعمیر جلد شروع کی جائے گی،ماں و بچے کی دوران زچگی بڑھتی اموات میں کمی کیلئے 70 فیصد بیڈز مختص کئے جارہے ہیں، صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ کے اجلاس میں شرکت اور شیلٹر ہوم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت

پیر 17 جون 2019 16:42

مریضوں کے ساتھ لواحقین کو ہسپتا لوں میں تمام ممکن سہولیات کی فراہمی ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ حکومت مریضوں کے ساتھ ساتھ ان کے لواحقین کو ہسپتا لوں میں تمام ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے جس کے تحت تمام بڑے ہسپتالوں میں مریضوں کی تیمارداری کیلئے ان کے ہمراہ آنے والے افراد کی سہولت کیلئے شیلٹر ہومز کی تعمیر جاری ہے ،الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں کروڑوں روپے کی لاگت سے 4 منزلہ شیلٹر ہوم کی تعمیر کا آغاز اسی سلسلے کی کڑی ہے، لاہور کے بعد میانوالی ، راجن پور ، اٹک ،ڈی جی خان اور لیہ میں دو دو سو بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کی تعمیر جلد شروع کر دی جائے گی جس کے ساتھ ساتھ ماں و بچے کی دوران زچگی بڑھتی ہوئی شرح اموات کو کم کرنے کیلئے 25 سو میں سے 70 فیصد بیڈز مختص کئے جارہے ہیں ،علاوہ ازیں دو ہفتوں کے اندر اند رجھنگ اور فیصل آباد میں ہیلتھ کارڈز کی تقسیم شروع کر دی جائے گی اور اس کے بعد جلد 36 اضلاع میں 72 لاکھ ہیلتھ کارڈز جاری کئے جائیں گے تاکہ مریضوں کو بین الاقوامی معیار کی تمام ممکن علاج معالجہ کی سہولیات مفت میسر آسکیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کی دوپہر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ کے اجلاس میں شرکت اور الائیڈ ہسپتال میں شیلٹر ہوم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا ویژن ہے کہ مریضوں کے لواحقین جو دور دراز سے آتے ہیں ان کو بھی مریض کے علاج معالجہ کی مدت اور ہسپتال میں داخل رہنے کے ایام کے دوران ہسپتال میں قیام کیلئے چھت فراہم کی جائے۔

انہوںنے کہا کہ الائیڈ ہسپتال میں مریضوں کے لواحقین و تیمار دار مہمانوں کیلئے 4 منزلہ پناہ گاہ تعمیر کی جا رہی ہے جس کا آج سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ بعض اوقات مریضوں کو چھٹی دے کر دوبارہ چیک اپ کیلئے آنے کو کہا جاتا ہے لہٰذا ان دور دراز کے مریضوں کیلئے بھی وارڈ بنایا جا رہا ہے، اسی طرح بس سٹینڈز اور دیگر پبلک مقامات پر بھی شیلٹر ہومز تعمیر کئے جا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت بڑے شہروں پر ورک لوڈ کم کرنے کیلئے چھوٹے شہروں میں بھی جدید ہسپتال قائم کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے اور اس پالیسی کے تحت میانوالی ،لیہ ، راجن پور ، اٹک اور ڈی جی خان میں دو دو سو بستروں پر مشتمل نئے مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال بنائے جا رہے ہیں جہاں مریضوں کو جدید طبی سہولیات گھر کی دہلیز کے قریب دستیاب ہو سکیں گی۔

انہوںنے کہاکہ یہ سارے ہسپتال دیہی علاقوں میںبنائے جا رہے ہیں تاکہ وہاں کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ ہو سکے۔انہوںنے بتایاکہ اس کے علاوہ نشتر ہسپتال ملتان میں نشتر ٹو کے نام سے 500 بیڈز کا جدید ہسپتال بھی بنے گا نیز 400 بیڈز پر مشتمل زچہ و بچہ ہسپتال کی تعمیر مکمل کر کے اسے سرگنگا رام ہسپتال لاہور کے ساتھ اٹیچ کیا جائے گا۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے میڈیا کو بتایا کہ رحیم یار خان میں بھی ایک مزید ہسپتال تعمیر کیا جا رہا ہے جو 500 بستروں پر مشتمل ہو گا، اس کے علاوہ حکومت ایک سرجیکل ٹاور بھی بنا رہی ہے، اس طرح کل ملا کر اڑھائی ہزار بیڈز کا اضافہ ہوگا۔

انہوںنے کہا کہ ماں بچے کی زچگی کے دوران اموات کو کم کرنے کیلئے ہم نے ان اڑھائی ہزار بیڈز میں سے 70 فیصد بیڈز ماں بچے کیلئے مخصوص کئے ہیں اس کے علاوہ ہم لاہور میں ایک پیڈیا ٹرک اینڈ چائلڈ ہیلتھ یونیورسٹی بنا رہے ہیں جس میں بچوں کی اموات پر ریسرچ ہو گی۔انہوںنے کہا کہ ہم ہیلتھ کارڈ بھی تقسیم کر رہے ہیں جس کے پہلے مرحلہ میں تقریباً 2ہفتے کے اندر جھنگ اور پھر فیصل آباد میں ہیلتھ کارڈز تقسیم کریں گے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

انہوںنے کہا کہ 36 اضلاع میں 72 لاکھ ہیلتھ کارڈز دیئے جائیں گے جس سے 3 سے 4 کروڑ لوگ مستفید ہوں گے جبکہ ہیلتھ کارڈ سے مریضوں کا 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک علاج کرایا جا سکے گا۔انہوںنے کہا کہ ایڈز کیلئے 18اضلاع میں ہمارے سنٹر ز کام کر رہے ہیں جو ایڈز کی تشخیص کے ساتھ ساتھ مفت علاج کی سہولت بھی فراہم کرتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اس کا دائرہ کار 36 اضلاع تک سال کے آخر تک بڑھا دیا جائے گا۔

انہوںنے کہا کہ اب تک 326 ایچ آئی وی پازیٹو و ایڈز کے مریض رجسٹرڈ ہوئے ہیں تاہم ان کی تعداد ہزاروں میں ہونے کا تاثر درست نہیں۔ قبل ازیں انہوںنے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے سنڈ یکیٹ کے اجلاس میں شرکت کی جس میں بعض اہم امور کی منظور دی گئی۔بعد ازاں صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں اپنی مدد آپ کے تحت مخیر شخصیات کے تعاون سے تعمیر کئے جانے والے 4 منزلہ شیلٹر ہوم کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔اس موقع پر محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام ،فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، الائیڈ ہسپتال فیصل آباد کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات