وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی بل گیٹس سے ملاقات

پولیو کے خاتمہ کے پروگرام، حفاظتی ادویات، غریبوں کیلئے ڈیجیٹل مالیاتی سروسز تک رسائی سمیت پاکستان میںدیگر اہم شراکت داریوں کی بنیاد رکھنے پر تبادلہ خیال

پیر 17 جون 2019 17:07

وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی بل گیٹس سے ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و غربت کا خاتمہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بل گیٹس سے واشنگٹن میں گیٹس فائونڈیشن ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں صحت اور ترقی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گیٹس فائونڈیشن دنیا میں عالمی صحت و ترقی کی ایک اہم حامی ہے، اس فائونڈیشن نے پاکستان میں اب تک پولیو کے خاتمے، نئی ویکسین متعارف کرانے اور بیماریوں سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے حفاظتی ادویات کے حوالہ سے کام کیا ہے، پاکستان اور افغانستان دو ایسے ممالک ہیں جہاں ابھی بھی جان لیوا پولیو وائرس پایا جاتا ہے۔

پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور بل گیٹس نے پولیو کے خاتمہ کے پروگرام، حفاظتی ادویات، غریبوں کیلئے ڈیجیٹل مالیاتی سروسز تک رسائی سمیت پاکستان میںدیگر اہم شراکت داریوں کی بنیاد رکھنے پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان جنوبی ایشیاء میں موبائل منی اکائونٹس کے استعمال کا ایک اہم رکن ہے۔ گیٹس فائونڈیشن اپنے مقامی شراکت دار کرانداز کے ذریعے اس کام کو وسعت دینے میں کوشاں ہے۔

یہ فائونڈیشن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی معاونت کررہی ہے تاکہ کم آمدن سے تعلق رکھنے والے طبقات کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ان کو ڈیجیٹل مالیاتی سروسز کے مواقع فراہم کئے جاسکیں۔ یہ خاص طور پر بی آئی ایس پی کی مستحقین کو صحت ، تعلیم اور روزگار سے متعلق مسائل پر قابو پانے کیلئے توجہ مرکوز کرے گا۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور بل گیٹس نے بچوں میں ذہنی و جسمانی نشونما میں کمی اور غذائی قلت سے متعلق مسائل پر قابو پانے کے جدید طریقوں پر تبادلہ خیال بھی کیا جو حکومت پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

یہ فائونڈیشن غربت کے خاتمے کے پروگرام احساس کے تحت عملدرآمد کئے جانے والے وزیر اعظم کے غذائیت کے بڑے اقدام کو فروغ دینے کیلئے حکومت پاکستان کے ساتھ تحقیق اور بہترین طریقہ کار کا تبادلہ کرے گی۔ گیٹس فائونڈیشن پاکستان میں غربت کے خاتمہ اور صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے باہمی مقاصد میں حکومت پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ تعاون کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔