حکومت کسانوں کیلئے مزید مراعات کا اعلان کرے، کسان اتحاد مزدور یونین

پیر 17 جون 2019 17:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) کسان اتحاد مزدور یونین کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ زراعت ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، وفاقی حکومت کسانوں کیلئے مزید مراعات کا اعلان کرے، تمباکو پر لگایا جانے والا ٹیکس ختم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار پیر کو نیشنل پریس کلب میں محنت کش لیبر فیڈریشن کے صدر ابراراللہ، سرحد ایگریکلچر اینڈ رورل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے صدر حاجی عبدالغنی اور کسان بورڈ خیبرپختونخوا کے صدر رضوان اللہ نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ابرار اللہ نے کہا کہ حکومت بجٹ پر نظرثانی کرتے ہوئے عوام کیلئے مزید مراعات کا اعلان کرے جس میں خاص طور پر کسان طبقہ کا خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے اور ہمارے ہاں تمباکو کے علاوہ کوئی فصل کاشت نہیں کی جا سکتی، اس بجٹ میں حکومت نے 300 روپے تمباکو فی کلو کے حساب سے ٹیکس لگایا ہے جس سے ہمارے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ جائیں گے اور ہمارے بچوں کیلئے تعلیم کا حصول مشکل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حاجی عبدالغنی نے کہا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات ترجیحی بنیادوں پر حل کرنی چاہئیں۔ اس موقع پر رضوان اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زراعت ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور وفاقی حکومت بجٹ پر نظرثانی کرتے ہوئے کسانوں کیلئے مزید مراعات کا اعلان کرے۔