سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی والدہ کی انکم سپورٹ لیوی ٹیکس ایکٹ کیخلاف دائر درخواست مسترد، اپیل دائر کرنے کی ہدایت

پیر 17 جون 2019 19:13

سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی والدہ کی انکم سپورٹ لیوی ٹیکس ایکٹ ..
لاہور۔17 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی انکم سپورٹ لیوی ٹیکس ایکٹ کیخلاف دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے اپیل دائر کرنے کی ہدایت کردی۔عدالت نے قر ار دیا کہ لیوی ٹیکس کے معاملے پر دو رکنی بنچ فیصلہ کریگا۔جسٹس عابد عزیز شیخ نے درخواست پر سماعت کی۔

بیگم شمیم اختر کی درخواست میں وفاقی وزارت قانون، وزارت مذہبی امور اور ایف بی آر کو فریق بنایا گیا ۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار ایک رجسٹرڈ ٹیکس پیئر ہے اور فقہ کے مطابق زکوٰة بھی ادا کرتا ہے۔ درخواست گزار نے ہمیشہ قانونی طور پر ٹیکس ادا کیا اور کبھی ڈیفالٹ نہیں کیا۔ درخواست گزار نے کہا کہ ٹیکس عوامی مقاصد کیلئے حکومت کی جانب سے وصول کی جانے والی رقم ہے۔

(جاری ہے)

درخواستگزار کے مطابق انکم ٹیکس لیوی سپورٹ ایکٹ 2013 آرٹیکل 73 کے سیکشن 2 اے سے متصادم جبکہ 18ویں آئینی ترمیم کے تحت سوشل ویلفیئر صوبائی معاملہ ہے۔درخواست گزار بیگم شمیم اختر کی طرف سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ ایف بی آر نے خلاف آئین درخواست گزار کو انکم سپورٹ لیوی ٹیکس کی وصولی کا نوٹس دیا ہے۔ لہٰذ ا عدالت انکم سپورٹ لیوی ایکٹ خلاف آئین قرار دیکر کالعدم کرے اوران لینڈ ریونیو کی جانب سے انکم سپورٹ لیوی کی وصولی کالعدم قرار دی جائے۔