Live Updates

صنعتی شعبے کو ترقی دے کر روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے، میاں اسلم اقبال

پیر 17 جون 2019 19:32

صنعتی شعبے کو ترقی دے کر روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے، میاں اسلم ..
لاہور۔16 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ صنعتی شعبہ قومی معیشت کی ترقی میں کلیدی حیثیت کا حامل ہے اور اس شعبے کو ترقی دے کر روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔بیمار صنعتوں کی بحالی، نئے صنعتی مراکز اور سپیشل اکنامک زونز کے قیام کیلئے منصوبہ بندی کر لی ہے۔ایک بڑا صنعتی مرکز فیصل آباد میں 23ارب روپے کی لاگت سے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے نام سے بنایا جا رہا ہے جبکہ مظفرگڑھ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت انڈسٹریل پارک اور تونسہ میں سمال انڈسٹریل پارک بنایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

بزنس رجسٹریشن پورٹل کے تحت کاروبار کی آن لائن رجسٹریشن کی جا رہی ہے اور اب تک 14ہزار نئے کاروبار رجسٹرڈ کئے جاچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بزنس رجسٹریشن پورٹل سے صنعتکاروں اور تاجروں کو کاروبار شروع کرنے کیلئے دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑتے بلکہ انہیں یہ سہولت آن لائن مل جاتی ہے۔

اسی طرح ٹیکس کی ادائیگی کے حوالے سے بھی آن لائن سسٹم کا آغاز کر دیاگیا ہے۔میاں اسلم اقبال نے کہاکہ ورثے میں ملی بدحال معیشت کی بہتری کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی کاوشیں بارآور ثابت ہوئی ہیں اور قومی معیشت تیزی سے مستحکم ہو رہی ہے۔اداروںمیں ایسی اصلاحات لائی جا رہی ہیں جو پائیدار معاشی ترقی کے ساتھ عام آدمی کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے کا باعث بنیں گی۔صنعت کے علاوہ مختلف شعبوں میں نئی پالیسیاں متعارف کرائی گئی ہے جن پر عملدرآمد سے صوبے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات