محکمہ لائیوسٹاک کے میڈیا فوکل پرسنز کی دو روزہ ٹریننگ ورک شاپ آن پرنٹ اینڈ الیکٹرونک میڈیاکامیابی سے مکمل

پیر 17 جون 2019 22:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جون2019ء) پرووائس چانسلر یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود ربانی نے کہاہے کہ محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈیویلپمنٹ کے میڈیا فوکل پرسنز کی پیشہ ورانہ تربیتی ورکشاپ سے ان کی کارکردگی میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔یہ بات انہوں نے محکمہ لائیوسٹاک کے زیر انتظام دوروزہ ٹریننگ ورکشاپ آن پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف کمیونی کیشن اینڈ ایکسٹینشن کی کارکردگی کو سراہا اور ٹریننگ ورکشاپ کے شرکاء کے مابین سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر کمیونی کیشن اینڈ ایکسٹینشن ڈاکٹر آصف رفیق نے محکمہ کے تمام ڈویژن کے میڈیا فوکل پرسنز کو پرنٹ، الیکٹرانک اورسوشل میڈیا کے حوالوں سے تربیت دینے کی غرض سے دو روزہ ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیاجس کا انتظام یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس ورکشاپ کا مقصد محکمہ کی صحافتی استعداد کار کو بہتربنانا ہے۔ اس ورکشاپ کے دوران جن تجربہ کار اور نامور صحافیوں نے لیکچر ز دیئے ان میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پبلک ریلیشن کے سابقہ ڈائریکٹر انفارمیشن نذیر خالد اور نامورٹی وی اینکر ڈاکٹر علی حمزہ شامل ہیں۔شرکاء نے مذکورہ ٹریننگ ورکشاپ کومفیدقراردیتے ہوئے کہا کہ یہ ٹریننگ کام کرنے کی صلاحیت اور کارکردگی کی بہتری کے حوالے سے کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔

یاد رہے کہ ڈائریکٹر کمیونی کیشن اینڈ ایکسٹینشن نے گزشتہ برس سے ڈائریکٹوریٹ کی پیشہ ورانہ ،اشاعتی اورنشریاتی صلاحیتوں کومزیدمؤثر بنانے کی غرض سے محکمہ کے میڈیا فوکل پرسنز کے لیے مرحلہ وار ٹریننگز کا آغاز کیا تھا جس کے پہلے مرحلے میں لاہور میں تین روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیاگیا تھا۔ ان ٹریننگز میں محکمہ کے تمام میڈیا فوکل پرسنز کو بیسک میڈیا سکلز کے علاوہ الیکٹرانک ،پرنٹ اور سوشل میڈیا کے حوالے سے جدید معلومات فراہم کی گئیں۔دو روزہ ٹریننگ ورکشاپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے پرووائس چانسلر نے تربیت حاصل کرنے والے افسران میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے۔