کراچی سے لاہور آنے والی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی

جہاز ائیرپاکٹ میں چلا گیاتاہم پائلٹ نے کمال مہارت سے جہاز کو نکال لیا ، اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈینگ

پیر 17 جون 2019 23:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جون2019ء) کراچی سے لاہور آنے والی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی۔ ذرائع کے مطابق نجی ائیرلائن کی پرواز کراچی سے لاہور آ رہی تھی کہ خراب موسم کے باعث جہاز بادلوں مین پھنس گیا۔ خراب موسم میں جہاز ائیرپاکٹ میں چلا گیا تاہم جہاز کے پائلٹ نے کمال مہارت سے جہاز کو ائرپاکٹ سے نکال لیا۔ جہاز کو ہنگامی طور پر اسلام آباد ائیرپورٹ پر اتار لیا گیاہے۔

ائرپورٹ ذرائع کے مطابق جہاز اور تمام مسافر محفوظ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نجی ائیرلائن کا جہاز مسافروں کو لے کر کراچی سے لاہور آ رہا تھا کہ خراب موسم کے باعث ائرپاکٹ ( فضائ میں ہوا کے کم دباؤ والا حصہ) میں پھنس گیا۔ ائرپاکٹ مین پھنسنے کے باعث جہاز حادثے کا شکار ہو سکتا تھا لیکن پائلٹ کی مہارت نے جہاز اور تمام مسافروں کی جان بچا لی اور جہاز کو باحفاظت اسلام آباد ائرپورٹ پر اتار لیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب لاہور اور کراچی سے اسلام آباد جانے والی دو پروازوں کو لینڈنگ سے روک دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کی دو پروازیں جو اسلام ائرپورٹ پر اتارنا تھیں انہیں خراب موسم کے باعث اسلام آباد ائرپورٹ پر اترنے کی اجازت نہ مل سکی اور انہیں واپس بھیج دیا گیا۔ خیال رہے کہ ہفتے کے روز سے ملک کا موسم بدلنا شروع ہو گیا ہے اور شدید گرمی اور ہیٹ سٹروک کے بعد اب سمندر میں آنے والے طوفان کی وجہ سے ملک میں بارشوں اور آندھیوں کا سلسلہ چل پڑا ہے۔

ہفتے کی شام سے ملک کے مختلف حصوں مین وقفے وقفے سے بارش جاری ہے اور مطلع ابرآلود ہے۔ آج بھی لاہوراور اسلام آباد مین بارش ہوئی اور بادل چھائے رہے۔ اسلام آباد میں بہت زیادہ بادلوں کی وجہ سے دو پروازوں کو ائرپورٹ پر اترنے کی اجازت نہ مل سکی جبکہ کراچی سے لاہور آنے والی ایک پرواز ائرپاکٹ میں پھنس گئی لیکن خوش قسمتی سے وہ حادثے سے بچ گئی۔