ملک میں پری مون سون بارشوں کے سلسلے کا آغاز ہوگیا

لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا

muhammad ali محمد علی پیر 17 جون 2019 20:38

ملک میں پری مون سون بارشوں کے سلسلے کا آغاز ہوگیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جون2019ء) ملک میں پری مون سون بارشوں کے سلسلے کا آغاز ہوگیا، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے کئی علاقوں میں پری مون سون بارشوں کے سلسلے کا آغاز ہوگیا ہے۔ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پیر کی شام اور شب کو تیز ہواوں کے بعد موسلادھار بارش ہوئی ہے۔

شہر کے کئی حصوں میں بارش کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ موسلا دھار بارش کے باعث شہر کے کئی حصے تاریکی میں ڈوب گئے۔ جبکہ راولپنڈی، اسلام آباد اور ملک کے دیگر کئی شہروں میں بھی پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پری مون سون بارشوں کا سلسلہ اگلے چند روز تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

تاہم پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت دیگر شہروں میں چند مقامات پر تیز ، گردآلود ہوائوں ،آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا ،تاہم لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، گوجرانوالہ، میرپورخاص ڈویژن اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ، گردآلودہ واوں، آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔سب سے زیادہ گرمی تربت میں پڑی جہاں پر درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ر ہا اسی طرح دادو 46 اور سبی میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔