قلم ہی وہ طاقت ہے جو صحافی کی پہچان ہے، وہ معاشرے کی بہتری کے لیے اس قلم کو استعمال کرتا ہے،

ادریس بختیار آج بھی صحافت کے میدان میں زندہ ہیں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا سینئر صحافی ادریس بختیارکے تعزیتی ریفرنس سے خطاب

پیر 17 جون 2019 23:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ قلم ہی وہ طاقت ہے جو صحافی کی پہچان ہے، وہ معاشرے کی بہتری کے لیے اس قلم کو استعمال کرتا ہے،ادریس بختیار آج بھی صحافت کے میدان میں زندہ ہیں، ان کا ورثہ آج ان کے شاگرد آگے لے کر جا رہے ہیں۔

وہ پیر کو نیشنل پریس کلب میں سینئر صحافی ادریس بختیار(مرحوم) کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کر رہیں تھیں ۔وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بہت کم روایات باقی ہیں کہ جانے والوں کو اس طرح یاد کیا جائے،پریس کلب کی طرف سے ان کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد اس بات کا اعتراف ہے کہ ان کی صحافت کے لیے خدمات مثالی رہی ہیں،قلم ہی وہ طاقت ہے جو صحافی کی پہچان ہے اور وہ معاشرے کی بہتری کے لیے اس قلم کو استعمال کرتا ہے،ایسا ہی کردار ادریس بختیار نے معاشرے کے لیے ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ادریس بختیار مرحوم نے ہمیشہ مساوی قانون اور حقوقِ کی بات کی،انھوں نے قلم کی طاقت سے پسے ہوئے طبقے کے حق کی بات کی، حق کی آواز بلند کی اور آج ان کی آواز ہم میں زندہ ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ صحافت کے میدان میں ان کا نام ہمشہ روشن رہے گا۔