حمزہ شہباز نے پنجاب کے بجٹ پر کی جانے والی تقریر لکھنے کے لیے دو کنسلٹنٹ بھرتی کیے تھے، شہباز گل

کنسلٹنٹ بھرتی کرنے کے باوجود غلط بیانی کی،ہمارے پاس ان دونوں کنسلٹنٹس کے نام بھی ہیں، ضرورت پڑی تو وہ بھی سامنے لا سکتے ہیں، میں ان کو ان کی اوقات دکھاتا ہوں: ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 17 جون 2019 22:09

حمزہ شہباز نے پنجاب کے بجٹ پر کی جانے والی تقریر لکھنے کے لیے دو کنسلٹنٹ ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17جون2019) ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز نے پنجاب کے بجٹ پر کی جانے والی تقریر لکھنے کے لیے دو کنسلٹنٹ بھرتی کیے تھے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ ضرورت پڑی تو وہ ان کنسلٹنٹس کے نام بھی سامنے لا سکتے ہیں۔ انہوں نے اپنے تویٹر پیغام میں کہا کہ جتنی محنت انہوں نے یہ تقریر کرنے پہ کی اتنی محنت 10مہینے یا ایک مہینہ بھی اپنے دورِ اقتدار میں کرتے تو آج پنجاب کی یہ حالات نہ ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز اعدادوشمار کی بات کرتے ہیں تو میں آج انکو آئنہ دکھاتا ہوں اور انکی اصل اوقات دکھاتا ہوں، میں بتاتا ہوں کہ انہوں نے اپنے تین ادوار مین پنجاب میں کیا کیا ہے۔ شہباز گل نے کہا کہ انہوں نے دس سالوں میں صرف لوگوں کو دکھانے کے لیے تعلیم کے میدان میں 4کھرب 40ارب کا بجٹ دیا لیکن انہوں نے شرم ناک حد تک کم بجٹ خرچ کرتے ہوئے صرف 2کھرب 20ارب روپے خرچ کیے۔

(جاری ہے)

 ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ ن لیگ نے اپنے 10سالہ دورِ اقتدار میں تعلیم کے لیے ایلوکیٹ کیے گئے بجٹ کا صرف 50فیصد خرچ کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ن لیگ نے 10سالوں میں صحت کے لیے 2کھرب20ارب روپے کا بجٹ رکھا لیکن خرچ صرف 1کھرب80ارب روپے کیے۔ شہباز گل نے کہا کہ حمزہ شہباز ایوان میں آکر 2کنسلٹنٹس کی مدد سے لکھی گئی تقریر میں بھی جھوٹ بولتے رہے اور غلط اعدادوشمار پیش کرتے رہے۔

شہباز گل نے بتایا کہ ن لیگی حکومت نے اپنے 10سالہ دور میں غریبوں کی بہبود کے لیے صرف 6ارب50کروڑ روپے مختص کیے لیکن ان میں سے بھی صرف 2ارب70کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔ شہباز گل نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان اعدادوشمار سے ان کا اصل چہرہ نظر آتا ہے،یہ ان کی غریبوں کے لیے اور ملک کے لیے ہمدردی ہے۔ انہوں نے ان اعدادوشمار کی روشنی میں کہا کہ ان اعدادوشمار سے ن لیگ اور حمزہ شہباز کی غریبوں کے لیے ترجیحات کا اندازہ ہوتا ہے کہ ان کو غریبوں کا کتنا درد ہے۔