قومی ٹیم کے 3 کھلاڑیوں نے اگلے میچ کیلئے ٹیم کے ہمراہ لندن جانے سے انکار کردیا

شعیب ملک اور محمد حفیظ اپنی بیگمات کے ساتھ جبکہ حارث سہیل نے لندن کے لیے پاکستانی ٹیم کی بس میں سفر سے گریز کیا

muhammad ali محمد علی پیر 17 جون 2019 23:37

قومی ٹیم کے 3 کھلاڑیوں نے اگلے میچ کیلئے ٹیم کے ہمراہ لندن جانے سے انکار ..
مانچسٹر(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جون2019ء) قومی ٹیم کے 3 کھلاڑیوں نے اگلے میچ کیلئے ٹیم کے ہمراہ لندن جانے سے انکار کردیا، شعیب ملک اور محمد حفیظ اپنی بیگمات کے ساتھ جبکہ حارث سہیل نے لندن کے لیے پاکستانی ٹیم کی بس میں سفر سے گریز کیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد لندن کیلئے روانہ ہوگئی ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم 23 جون کو جنوبی افریقہ کیخلاف لندن میں میچ کھیلے گی۔

قومی کرکٹ ٹیم پیر کے روز مانچسٹر سے لندن کیلئے روانہ ہوئی۔ ٹیم کے کھلاڑی ایک ساتھ لندن کیلئے بس کے ذریعے روانہ ہوئے۔ تاہم 3 کھلاڑیوں نے ٹیم کے ساتھ ہی لندن جانے سے معذرت کر لی۔ شعیب ملک، محمد حفیظ اور حارث سہیل ٹیم کے ہمراہ بذریعہ بس لندن کیلئے روانہ نہیں ہوئے۔ شعیب ملک اور محمد حفیظ اپنی بیگمات کے ساتھ الگ سے لندن کیلئے روانہ ہوئے۔

(جاری ہے)

جبکہ حارث سہیل اکیلے لندن کیلئے روانہ ہوئے۔ جبکہ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ قومی ٹیم کے سینئر آل راونڈر شعیب ملک کا ایک روزہ کرکٹ کیرئیر بھارت کیخلاف میچ کے بعد تقریباً ختم ہوگیا ہے۔ شعیب ملک کو ورلڈکپ کے آئندہ میچز میں موقع نہ ملنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق سینئر آل راونڈر کو مسلسل مایوس کن کارکردگی کے باعث اب دوبارہ موقع نہیں ملے گا۔

جبکہ شعیب ملک کی جگہ حارث سہیل کو آئندہ میچز میں موقع دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق آسٹریلیا کے بعد روایتی حریف بھارت کے خلاف گولڈن ڈک پر آﺅٹ ہونے کے بعد بطاہر ایسا لگ رہا ہے کہ شعیب ملک کا ون ڈے کیریئر ختم ہوگیا ہے،شعیب ملک آسٹریلیا کےخلاف دو گیندوں میں صفر پر آﺅٹ ہوئے جبکہ بھارت کے خلاف وہ پہلی گیند پرپانڈیا کی گیند پر بولڈ ہوگئے، ان کی باڈی لینگویج بتارہی تھی کہ وہ اس بڑے ایونٹ کے لئے فٹ نہیں ہیں، انہوں نے ورلڈ کپ کے بعدریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہوا ہے،پاکستانی ڈریسنگ روم میں حارث سہیل بیٹھے ہوئے ہیں جو آسٹریلیا کے خلاف دو سنچریاں بناکر الیون کا حصہ نہیں ہیں جبکہ جارح مزاج آصف علی بھی موقع کی تلاش میں ہیں،شعیب ملک نے انگلینڈ میں صرف13کی بیٹنگ اوسط سے رنز بنائے ہیں،انگلینڈ میں جن بیٹسمینوں نے 20 سے زیادہ اننگز کھیلی ہیں ان میں شعیب ملک سے بدترین بیٹنگ ریکارڈ اور خراب اوسط جیمز اینڈرسن10.15،ڈیرن گف11.95اور گریم سوان 12.83ہیں ،یہ تینوں نان ریگولر بیٹسمین ہیں۔

37سالہ شعیب ملک پاکستان کی جانب سے287ون ڈے انٹر نیشنل میچ کھیل چکے ہیں۔