کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس میں ہڑتال کے باعث سمسٹر کے فائنل امتحانات منعقد نہ ہوسکے

منگل 18 جون 2019 12:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس میں فیکلٹی سٹاف ممبران کی ہڑتال کے باعث منگل کو شروع ہونے والے سمسٹر کے فائنل امتحانات منعقد نہ ہوسکے۔ کامسیٹس یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران کی ہڑتال گذشتہ کئی روز سے جاری ہے جو اب شدت اختیارکرگئی ہے جس کے باعث منگل کو ہونے والے تمام پرچے ملتوی کردیئے گئے ہیں۔

ہڑتال کے باعث آج بدھ اور اس کے بعد کے پرچوں کے حوالے سے طلباء ابھی تک تذبذب کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

فیکلٹی ممبران نے یونیورسٹی کی بسوں کو بھی چلنے نہ دیا جس کی وجہ سے طلبہ و طالبات کو یونیورسٹی پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور طلباء فائنل پیپر ہونے کی وجہ سے اپنی ذاتی ٹرانسپورٹ،ٹیکسیوں اور پبلک ٹرانسپورٹ پر یونیورسٹی پہنچے لیکن پیپر نہ ہونے کی وجہ سے انہیں انتہائی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے ا بھی تک اس سلسلے میں کوئی واضح اعلان یا موقف سامنے نہیں آیا ہے۔یونیورسٹی کے ملک بھرمیں دیگر کیمپسز کو بھی ایسی ہی صورتحال کا سامنا ہے۔