چین کے جنوب مغربی صوبے سیچوان میں درجے شدت کا زلزلہ، 12افراد ہلاک، 134زخمی

منگل 18 جون 2019 12:47

چین کے جنوب مغربی صوبے سیچوان میں درجے شدت کا زلزلہ، 12افراد ہلاک، 134زخمی
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) چین کے جنوب مغربی صوبے سیچوان میں ریکٹر سکیل پر 6 درجے شدت کے زلزلے کے نتیجہ میں 12افراد ہلاک اور 134زخمی ہو گئے۔ فرانسیی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چینی صوبے سیچوان کے جنوب مغربی شہر یائی بین کے قریب پیر کی درمیانی شب ریکٹر سکیل پر چھ درجے کی شدت کا زلزلہ آیا ۔ زلزلے کے باعث درجنوں عمارتیں منہدم ہو گئیں، امدادی کارکن ملبے تلے دبی نعشوں اور زخمیوں کو نکالنے میں مصروف ہیں اور 4 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔

چین کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق سیچوان صوبے کی چینجنگ کائونٹی میں زلزلے سے ایک عمارت کی چھت پر بجلی کاکھمبا گرنے سے پوری عمارت تباہ ہو گئی جبکہ متعدد شاہراہوں میں شگاف پڑ گئے جس کے باعث یائی بین اور ژویونگ کائونٹی سے منسلک سب سے بڑی شاہراہ کو بند کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

چینی خبر رساں ادارے کے مطابق صوبائی دارالحکومت چینگڈو میں زلزلے سے ایک منٹ قبل پیشگی وارننگ الارم بجایا گیا جو زلزلے کے یائی بین سے ٹکرانے سے قبل 10سیکنڈ تک بجا، یہ الارم 3 سیکنڈ پہلے بجایا جاتا تو 14فیصد اموات سے بچا جا سکتا تھا۔

یائی بین حکومت نے اپنے وائیبو اکائونٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ زلزلے کے باعث گزشتہ رات 6 ہلاکتیں ہوئیں جس میں اضافہ ہونے کے بعد چینجنگ کائونٹی میں ہلاکتوں کی تعداد 9 اورچی شیان کائونٹی میں3 اموات ہو چکی ہیں۔ ادارے کے مطابق 50 سے زائد افراد کو شہر کے 2 ہسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جبکہ 500 سے زائد فائر فائٹرز کو موقع پر روانہ کر دیا گیا ہے جبکہ زلزے سے متاثرہ افراد کے لئے 5 ہزار ٹینٹ، 10ہزار فولڈنگ چارپائیاں اور دیگر امدادی اشیاء بھی بھیج دی گئی ہیں۔ علاقے میں آفٹر شاکس بھی محسوس کئے گئے جس میں سب سے زیادہ شدید 5.1 درجے کا تھا ۔ امریکی جیولوجیکل سروے نے زلزلے کی شدت 5.8 درجے ریکارڈ کی ہے۔