حوثی باغیوں کی سعودی عرب پر بمبار ڈرون طیاروں سے حملے کی کوشش ناکام

منگل 18 جون 2019 12:53

حوثی باغیوں کی سعودی عرب پر بمبار ڈرون طیاروں سے حملے کی کوشش ناکام
الریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) سعودی عرب کی ایئر ڈیفنس فورس اور عرب اتحادی فوج نے منگل کو رات گئے یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے بمبار ڈرون طیاروں کے ذریعے حملے کی سازش ناکام بناتے ہوئے دونوں ڈرون طیارے مار گرائے۔ یمن میںآئینی حکومت کی معاونت کرنے والے عرب عسکری اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا ہے کہ حوثی باغیوں کے دو ڈرون طیارے سوموار اور منگل کی درمیانی شب کو سعودی عرب کی فضاء میں داخل ہونے کے بعد مار گرائے گئے۔

سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی 'ایس پی ای' کی جانب سے جاری بیان میں کرنل ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ ایک ڈرون طیارہ منگل کی رات 10 بج کر 37 منٹ پر مار گرایا۔ بمبار ڈورن عرب اتحادی فوج نے حملے سے قبل ہی تباہ کر دیا۔

(جاری ہے)

اسے حوثی دہشت گردوں کی طرف سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے لیے سعودی عرب کی فضائی حدود میں داخل کیا گیا تھا۔دوسرا ڈرون طیارہ رات گیارہ بج کر 47 منٹ پر سعودی عرب کی فضائی حدود میں تباہ کیا گیا۔

دونوں طیاروں میں بارود اور دھماکا خیز مواد لدا ہوا تھا۔کرنل المالکی نے کہا کہ حوثی دہشت گرد اپنے جرائم کو آگے بڑھانے کے لیے سعودی عرب کے شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنا رہے ہیں تاہم عرب اتحادی فوج اور سعودی دفاعی فورسز حوثیوں کی دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔