قدرتی وسائل کا تحفظ انسانیت کے باہمی اتحاد سے ہی ممکن ہے

آبی وسائل کا تحفظ، زمین کا بنجر پن اور گلوبل وارمننگ جیسے مسائل کا حل انسانوں کے باہمی تعاون سے ممکن ہو گا ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کا تقریب سے خطاب

منگل 18 جون 2019 14:28

قدرتی وسائل کا تحفظ انسانیت کے باہمی اتحاد سے ہی ممکن ہے
انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ قدرتی وسائل کا تحفظ انسانیت کے باہمی اتحاد سے ہی ممکن ہے،سمندروں ، اوقیانوسوں، زیر زمین آبی ذخائر اور سطح زمین کے آبی وسائل کے تحفظ، زمین کے بنجر پن اور گلوبل وارمننگ جیسے مسائل کا حل تمام انسانیت کے باہمی تعاون سے ہی ممکن ہو سکے گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے بنجر پن کے خلاف جدوجہد کے عالمی دن کی مناسبت سے انقرہ چیمبر آف کامرس 'کانگریسیم' میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا کو ماحولیاتی تبدیلیوں، خشک سالی، بنجر پن، نباتاتی تنوع میں کمی اور بعض جانداروں کی نسل کے خاتمے جیسے سنجیدہ مسائل کا سامنا ہے جن کے حل کے لئے پوری انسانیت کا باہم متحدہ ہونا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ترکی کے ارضیاتی تنوع اور طبعیاتی دولت سے مالا مال ہونے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ورثے میں ملنے والی اس دولت کی قدر کرنے اور اسے مزید اضافے کے ساتھ آنے والی نسلوں کو منتقل کرنے کے لئے پوری طاقت سے کام کریں گے۔

وزیر زراعت و جنگلات بکر پاک دیمیر لی نے تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ زمین کے بنجر پن میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے اور یہ ایک ایسا خطرہ ہے جو بڑی بڑی جنگوں سے زیادہ تباہ کن ہے۔ادھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے بھی اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ زمین کے تحفظ، بنجر زمین کے علاج اور اس کے بہتر استعمال سے جبری ہجرت کمی ، خوراک کے تحفظ میں اضافہ اور اقتصادی ترقی کی حوصلہ افزائی ممکن ہے۔