پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے میڈیکل کے داخلوں کیلئے پالیسی کا اعلان کردیا

ایم بی بی ایس میں داخلے کیلئے اہلیت کا معیار ایف ایس سی کے نمبر 60 فیصد سے بڑھا کر70فیصد کردیا گیا، سرکاری میڈیکل کالجز کی پہلی میرٹ لسٹ 31 اکتوبر سے پہلے جاری کردی جائے گی، 30 نومبر سے قبل سرکاری میڈکیل کالجزمیں داخلے مکمل کرلئے جائیں گے، تمام پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے داخلے 31 دسمبر سے قبل مکمل کرلئے جائیں گے، کوئی بھی پرائیویٹ میڈیکل کالج خود سے کسی بھی قسم کا داخلوں سے متعلق اشتہار جاری نہیں کرے گا

منگل 18 جون 2019 14:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے میڈیکل کے داخلوں کیلئے اپنی پالیسی کا اعلان کردیا گیا ہے جس کے تحت تمام داخلوں کی نگرانی پی ایم ڈی سی کا ایڈمیشن بورڈ کرے گا۔ پی ایم ڈی سی آئندہ سے ہر سال یکم اگست سے پہلے ملک بھرمیں داخلوں کا شیڈول جاری کرتی ہے، ایم بی بی ایس میں اپلائی کرنے کیلئے ایف ایس سی میں اہلیت کامعیار60 فیصد سے بڑھا کر70فیصد کردیا گیا ہے، ملک بھرکے تمام پرائیویٹ میڈیکل کالجزمیں داخلے کیلئے صوبائی ایڈمیشن ٹیسٹ قابل قبول ہوگا، داخلے سو فیصد سنٹرل لائز ہونگے کوئی کالج خود سے داخلے نہیں کرے گا، انٹری ٹیسٹ میں60 فیصد سے کم نمبر لینے والا طالب علم ایم بی بی ایس داخلوں کیلئے اہل نہیں ہوگا۔

سرکاری میڈیکل کالجز کی پہلی میرٹ لسٹ 31 اکتوبر سے پہلے جاری کردی جائے گی اور30 نومبر سے قبل سرکاری میڈکیل کالجزمیں داخلے مکمل کرلئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

سرکاری میڈیکل کالجزکے اشتہارات جاری کرنے کے ایک ہفتے کے اندر ایڈمیٹنگ یونیورسٹی پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے داخلے کا اشتہار جاری کرے گی۔ تمام پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے داخلے 31 دسمبر سے قبل مکمل کرلئے جائیں گے، کوئی بھی پرائیویٹ میڈیکل کالج خود سے کسی بھی قسم کا داخلوں سے متعلق اشتہار جاری نہیں کرے گا۔

سرکاری میڈیکل کالجز کی تین میرٹ لسٹیں لگنے کے بعد اگرکوئی سیٹ خالی ہوئی تو ٹاپ کے پرائیویٹ میڈیکل کالجزکے طلباء کو ان سیٹوں پر سرکاری میڈیکل کالجوںمیں داخلہ دیا جائے۔ اوپن میرٹ سیٹوں کیلئے تمام اخراجات ملا کر فیس 9 لاکھ50 ہزار سے زائد نہیں ہوگی اورداخلہ فیس 50 ہزار جبکہ پراسپیکٹس فیس 3 ہزار اس کے علاوہ ہوگی۔

متعلقہ عنوان :