پاکستان عالمی بینک کا قابل اعتماد شراکت دار ہے، عالمی بینک کے اقتصادی پروگرام سے پاکستان کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں مزید بہتری آئے گی، وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و اقتصادی امور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی پاکستان اورعالمی بینک کے مابین معاہدوں پر دستخطوں کے بعد میڈیا سے گفتگو

منگل 18 جون 2019 14:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ، محصولات و اقتصادی امور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی بینک کا قابل اعتماد شراکت دار ہے ۔ منگل کو یہاں پاکستان اورعالمی بینک کے مابین 918ملین ڈالر کے تین معاہدوں پر دستخطوں کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اورعالمی بینک کے مابین قابل اعتماد شراکت داری قائم ہے، عالمی بینک پاکستان کا قابل اعتماد شراکت دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی بینک پاکستان کی اقتصادی ترقی میں طویل عرصہ سے کام کررہا ہے، عالمی بینک کے اقتصادی پروگرام سے پاکستان کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں مزید بہتری آئے گی۔ عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرپیچ موتوالانگ وان نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورعالمی بینک کے دوران تعاون کا سلسلہ جاری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جن تین معاہدوں پردستخط ہوئے ہیں یہ ایسے شعبے ہیں جس میں پاکستان کی حکومت اپنے لوگوں پر سرمایہ کاری کررہی ہے اورجس کے نتیجہ میں پاکستان اپر مڈل انکم ملک بننے کی راہ پر گامزن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ان پروگراموں پرعملدرآمد کرنے والی ایجنسیاں موثر انداز میں کام کو یقینی بنائیں گی جس سے ان معاہدوں کے اہداف کو حاصل کرنے میں یقینی طور پر مدد ملے گی۔