ترقی سے روکنے اور دبانے سے چین کی سائنسی اور تکنیکی تخلیقات کی رفتار کو کم نہیں کیا جاسکتا، چائنا ریڈیو انٹر نیشنل

منگل 18 جون 2019 16:40

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) چین کی جدید سائنسی اور ٹیکنالوجیکل ترقی پر امریکہ کو پریشانی ہے، دوسروں کی ترقی کو روکنے کی سوچ غلط ہے۔ چائنا ریڈیو انٹر نیشنل نے اپنے تبصرے میں کہا کہ ترقی سے روکنے اور دبانے سے چین کی سائنسی اور تکنیکی تخلیقات کی رفتار کو کم نہیں کیا جاسکتا۔امریکہ کے ان ہتکھنڈوں سے صرف یہ نتائج سامنے آئیں گے کہ چین سمیت مختلف ممالک کی سائنسی و تکنیکی حلقوں کی تخلیقات کا عزم مزید مضبوط ہو جائے گا۔

سائنسی و تکنیکی ترقی کے لیے مزید طاقتور قوت کی تشکیل کی جائے گی۔ چائنا ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق گزشتہ دنوں امریکہ نے نام نہاد قومی سیکورٹی کا بہانہ بنا کرچینی طالب علموں کو امریکہ میں تعلیم کے حصول سے روکا ، امریکی مارکیٹ میں چینی کاروباری اداروں کو رسائی کی اجازت نہیں دی، ہوا وے سمیت دیگر چینی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کیں اور امریکی کاروباری اداروں کو کنٹرول کیا تاکہ ان کی جانب سے چینی اداروں کے لیے سپلائی کو ختم کیا جائے۔

(جاری ہے)

امریکہ کے اقدامات سے ظاہر ہوتاہے کہ وہ کھلے اور شراکت دار مقابلے سے گھبراتا ہے خاص طور پر کچھ میدانوں میں دیگر ممالک کی ٹیکنالوجی امریکہ سے زیادہ بہتر ہوگئی ہے اس وجہ سے امریکہ کو پریشانی، خوف اور بے اعتمادی لاحق ہوگئی ہے، جس کے باعث اس نے سائنسی و تکنیکی لحاظ سے غاصبانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے مخالفین کو دبانا شروع کردیا ہے، اگر امریکہ مسلسل اپنی اسی سوچ میں رہا تو جلد اسے انسانیت کے کھلے تعاون پر مبنی سائنسی و تکنیکی ترقی کی لہر سے پیچھے چھوڑ دیا جائے گا۔