نیب خود مختار ادارہ ہے، حکومت نیب کو اپنے تابع نہیں کر سکتی،

نیب قانون و آئین کے مطابق اپنی کارروائی کرے گا، آصف زرداری اور نواز شریف پر بنائے گئے کیسز ہمارے دور کے نہیں، دونوں کے خلاف ریفرنسز کا فیصلہ عدالت کرے گی،حکومت نے معاشی مسائل کے حل کیلئے مؤثر اقدامات کئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا لندن میں پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 18 جون 2019 16:55

نیب خود مختار ادارہ ہے، حکومت نیب کو اپنے تابع نہیں کر سکتی،
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نیب خود مختار ادارہ ہے، حکومت نیب کو اپنے تابع نہیںکر سکتی، نیب قانون و آئین کے مطابق اپنی کارروائی کرے گا، نواز شریف اور زرداری کے خلاف ریفرنسز کا فیصلہ عدالت کرے گی۔ منگل کو لندن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ لندن میں مختلف شخصیات سے ملاقاتیں مفید رہیں، پاکستان سے متعلق لندن میں مقیم پاکستانیوں کا جذبہ دیکھ کر خوشی ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نئی حکومت کو معاشی چیلنجز کا سامنا تھا، حکومت نے معاشی مسائل کے حل کیلئے مؤثر اقدامات کئے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ نیب خود مختار ادارہ ہے، آصف زرداری اور نواز شریف پر بنائے گئے کیسز ہمارے دور کے نہیں، آصف زرداری اور نواز شریف نے اپنے اپنے ادوار ایک دوسرے پر مقدمات بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اور ان کے معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتے، نواز شریف اور زرداری کے خلاف ریفرنسز کا فیصلہ عدالت کرے گی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت نیب کو اپنے تابع نہیںکر سکتی، عدلیہ اور نیب آزاد ہیں، نیب قانون و آئین کے مطابق اپنی کارروائی کرے گا۔