Live Updates

واپڈا میں چیک اینڈ بیلنس کے سخت نظام کے تحت کرپشن میں ملوث عناصر کو برطرف کیا جا رہا ہے، عمر ایوب خان

منگل 18 جون 2019 17:21

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) وفاقی وزیر توانائی و پٹرولیم عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ محکمہ واپڈا میں چیک اینڈ بیلنس کے سخت نظام کے تحت کرپشن میں ملوث عناصر کو نوکری سے برطرف کیا جا رہا ہے، اب کسی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی، تحریک انصاف کی حکومت عوام کو ان کی دہلیز پر حقوق فراہم کرے گی۔ وہ یونین کونسل برکوٹ میں 11 کے وی فیڈر کی تبدیلی کے منصوبہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

قبل ازیں چیئرمین ڈیڈک رکن صوبائی اسمبلی ارشد ایوب خان اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہا رکیا۔

(جاری ہے)

عمر ایوب خان نے کہا کہ ہری پورمیں 11 فیڈر کی تکمیل کے بعد ٹرانسفارمر کی فراہمی سے وولیٹج کی کمی کا مسئلہ تقریباً حل ہو گیا ہے، جرگہ کو گواہ بنا کر کہتے ہیں کہ اب کسی بھی جگہ ٹرانسفارمر کی تبدیلی کی صورت میں کوئی کسی سے ایک پیسہ بھی وصول نہیں کرے گا، محکمہ واپڈا میں چیک اینڈ بیلنس اور نظرثانی کا نظام موجود ہے جس کے ذریعہ کرپٹ عناصر کو نوکریوں سے برطرف کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے برکوٹ کیلئے سب آفس کی منظوری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے دور میں عوامی مسائل ان کے دہلیز پر حل ہوں گے، انہیں کہیں جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات