آج کی اپوزیشن نے اپنے دور میں جو قرضے لئے ہم وہ اتارنے کے لئے قرضے لینے پر مجبور ہوئے، ملک مزید تباہی کا متحمل نہیں ہو سکتا، خراب معاشی حالات ورثے میں ملے،

ٹیکس نیٹ بڑھائے بغیر کوئی چارہ نہیں، کارٹلز کو ختم کرنا ہے وفاقی وزیر پارلیمانی امور سینیٹر اعظم خان سواتی کا ایوان بالا کے اجلاس میں بجٹ پر بحث کے دوران اظہار خیال

منگل 18 جون 2019 18:56

آج کی اپوزیشن نے اپنے دور میں جو قرضے لئے ہم وہ اتارنے کے لئے قرضے لینے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور سینیٹر اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ آج کی اپوزیشن نے اپنے دور میں جو قرضے لئے ہم وہ اتارنے کے لئے قرضے لینے پر مجبور ہوئے، ملک مزید تباہی کا متحمل نہیں ہو سکتا، خراب معاشی حالات ورثے میں ملے، ٹیکس نیٹ بڑھائے بغیر کوئی چارہ نہیں، کارٹلز کو ختم کرنا ہے۔

منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے وزیر پارلیمانی امور سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ ماضی میں کرپشن اور منی لانڈرنگ کی گئی، ہمیں وسائل بڑھانے ہوں گے، اخراجات کم کرنا ہوں گے، وزیراعظم نے اپنے گھر کی سیکورٹی کیلئے باڑ بھی اپنے خرچ پر لگائی ہے، اخراجات کو کم کیا ہے، میں 2001ء سے سیاسی ذمہ داریاں سرانجام دے رہا ہوں، میرا کردار سب کے سامنے ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا ہائوسز آئیں اور دیکھیں، ملک ریاض کی لسٹ میں بڑے بڑوں کے نام ہیں، ہم ملک کے لئے کام کر رہے ہیں، ہمیں خراب معاشی حالات ورثے میں ملے، جنہوں نے ملک کو دلدل میں دھکیلا آج وہ ہم سے جواب مانگتے ہیں، ملک گروی رکھنے والے ہم سے سوال کر رہے ہیں، ہم اپوزیشن کے لئے گئے قرضے اتارنے کے لئے قرضے لینے پر مجبور ہیں، ٹیکس نیٹ کو بڑھانا واحد طریقہ ہے، 45 فیصد اکانومی گرے اکانومی ہے، صرف 20 لاکھ لوگ ٹیکس دیتے ہیں جن میں چھ لاکھ تنخواہ دار ہیں، ملک مزید تباہی کا متحمل نہیں ہو سکتا، ایف بی آر کو مکمل طور پر بدلنا ہوگا، ہم نے کارٹلز کو ختم کرنا ہے، استثنیٰ ختم کرنے ہیں، گھی والوں نے میڈیا ہائوسز بنائے ہوئے ہیں، اتفاق رائے بن رہا ہے، صوبوں کو جلد ان کا حق دیا جائے گا۔

دو ہزار ارب سابق حکومتوں کے لئے گئے قرضوں پر سود ادا کرنا ہے۔ ہم قرضوں کے جال میں پھنس چکے ہیں، غیر ترقیاتی کاموں کے لئے قرضے لئے گئے، کمیشن میں سب سامنے آ جائے گا کہ کس نے کتنے قرضے لئے اور کہاں خرچ کئے۔ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جس طرح وزیراعظم اور افواج پاکستان نے خود اپنی مثال پیش کی ہے، پوری قوم کو اسی طرح کے طرز عمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو آگے کی طرف لے جائیں گے اور قرضوں کے چنگل سے نکالیں گے۔