آصف علی زرداری ‘ حمزہ شہباز کے پروڈکشن آڈر جاری کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت 20جون تک ملتوی

منگل 18 جون 2019 19:03

آصف علی زرداری ‘ حمزہ شہباز کے پروڈکشن آڈر جاری کرنے کیخلاف درخواست ..
لاہور۔18 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈ ر حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کے پروڈکشن آڈر جاری کرنے کیخلاف دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق وکلا ء سے دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 20جون تک ملتوی کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون رشید شیخ نے عبداللہ ملک کی درخواست پر سماعت کی‘ فاضل عدالت نے استفسار کیا کہ آپ متفرق درخواست میں قانون کو کیسے چیلنج کر رہے ہیں اس درخواست کے مطابق تو نئی رٹ دکھائی دے رہی ہے،اس کاکیا کیا جائے۔

درخواست گزار وکیل کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ مرکزی کیس سماعت کیلئے مقرر کر لیں‘ فاضل عدالت نے کہا کہ ایک درخواست میں آپ نے رولز کی عدم موجودگی کا موقف اختیار کیا ہے‘ اب ایک رکن اسمبلی نے سیشن میں شرکت کرنی ہے‘فاضل عدالت نے کہا کہ قانون کے مطابق سیشن کے دوران سپیکر سے اجازت کے بغیر رکن اسمبلی کو گرفتار نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ اس میں اطلاع دینے کا ذکر ہے‘سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ درخواست گزار نے دادرسی کیلئے سپیکر اسمبلی کو بھی درخواست دے رکھی ہے‘فاضل جج نے کہا کہ آپ نے جہاں درخواست دائر کی ہے اس کا فیصلہ ہونے دیں۔

جسٹس مامون رشید شیخ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بھی جواب داخل کرنا تھا‘ پنجاب حکومت کہاں ہی ‘ دوران سماعت فاضل عدالت نے استفسار کیا آپ کیسے متاثرہ فریق ہیں آپ نے مرکزی کیس شہباز شریف کی تعریف میں بہت عجیب لکھا ہے‘ جس پر درخواست گذار وکیل نے جواب دیا کہ میرے جونیئر نے لکھ دیا کہ شہباز شریف نااہل وزیراعظم کے بھائی ہیں۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ قومی اسمبلی کا رول 108، نیب اور ملکی قوانین سے متصادم ہے‘زیر حراست ملزم کو دوران تفتیش اسمبلی اجلاس میں شرکت کی اجازت دینا قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے‘موجودہ اجلاس میں بجٹ سیشن یا اہم قانون سازی نہیں کی جا رہی ہے اس لئے استدعا ہے کہ عدالت قومی اسمبلی کے رول 108کو کالعدم قرار دے اور سپیکر قومی اسمبلی کو ملزمان اراکین اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے روکنے کا حکم دے۔