Live Updates

29 جون تک وفاقی بجٹ منظورکروا لیں گے، نعیم الحق

اسمبلی میں وزیراعظم کوگالیاں دینے والے پاکستان کے دشمن ہیں، اپوزیشن اسپیکرچیمبرمیں آئیں، ملکرقانون سازی کریں،مثبت قانون سازی کیلئے اپوزیش کی مدد کریں گے۔ معاون خصوصی نعیم الحق کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 18 جون 2019 19:18

29 جون تک وفاقی بجٹ منظورکروا لیں گے، نعیم الحق
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 جون 2019ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ بجٹ 29 جون تک پاس کروالیں گے۔ اسمبلی میں غنڈا گردی کرنے اوروزیراعظم کوگالیاں دینے والے پاکستان کے دشمن ہیں۔ ہم اپوزیشن کو دعوت دیتے ہیں کہ آپ اسپیکرچیمبرمیں آئیں اور ملک و قوم کیلئے قانون سازی کریں۔ اچھے قوانین میں ہم بھی آپ کی مدد کریں گے۔

انہوں نے آج یہاں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف اور آصف زرداری کو حساب دینا پڑے گا۔ نوازشریف اور آصف زرداری پرمقدمات ان کی اپنی حکومتوں میں بنے۔ نیب نے اپنے کیسزکے فیصلوں کیلئے40 سے50 ججزکا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بڑے پیمانے پراپنے اخراجات کم کیے ہیں۔ عمران خان نے امریکا دورہ کے دوران سفیرکے گھررہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

نعیم الحق نے کہا کہ عمران خان نے بنی گالہ پہاڑی پرسڑک بنانے کیلئے30 لاکھ اپنی جیب سے دیئے۔ وزیراعظم ہاؤس کا خرچہ 52 کروڑ سے کم کرکے35 کروڑکر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کواقتصادی بحران کا سامنا ہے۔ جلد ملک میں معاشی انقلاب آنے والا ہے۔ عوام کی فلاح وبہبود کے منصوبوں پرعملدرآمد شروع ہو رہا ہے۔ نعیم الحق نے کہا کہ اگلے ہفتے قطرکے سربراہ پاکستان آ رہے ہیں۔

نعیم الحق نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت گھروں کی تعمیرشروع ہوچکی ہے۔ حکومت کی کوشش ہوگی کہ غریب شہریوں کوگھرکی فراہمی ہو۔ عوام کی فلاح وبہبود کیلئے ہیلتھ کارڈ کا اجرا شروع کردیا ہے۔ ہیلتھ کارڈ سے ساڑھے7 لاکھ روپے سالانہ علاج کی سہولت ملے گی۔ معاون خصوصی وزیراعظم نعیم الحق نے کہا کہ ایمنسٹی اسکیم 30 جون کو ختم ہوجائے گی۔

لوگوں کو چاہیے کہ ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ 29 جون تک پاس کروا لیں گے۔ دوسری جانب صدر مملکت نے لاہور کی احتساب عدالتوں کیلیےججز کی تعیناتیوں کی منظوری دےدی ہے۔ جس کے بعد وزارت قانون نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور احتساب عدالت نمبر1، 4 اور5 کیلئے ججز کی تعیناتی کی گئی ہے۔ تمام ججز کی تعیناتی3 سال کے لیے کی گئی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات