ورلڈکپ کے بعد قومی ٹیم کے تمام غیر ملکی کوچز کو فارغ کر دیے جانے کا امکان

ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے معاہدہ میں بھی مزید توسیع نہیں کی جائے گی، قومی ٹیم کا نیا کوچ ملکی سابق کرکٹر ہوگا

muhammad ali محمد علی منگل 18 جون 2019 19:31

ورلڈکپ کے بعد قومی ٹیم کے تمام غیر ملکی کوچز کو فارغ کر دیے جانے کا امکان
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جون 2019ء) ورلڈکپ کے بعد قومی ٹیم کے تمام غیر ملکی کوچز کو فارغ کر دیے جانے کا امکان، ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے معاہدہ میں بھی مزید توسیع نہیں کی جائے گی، قومی ٹیم کا نیا کوچ ملکی سابق کرکٹر ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ورلڈکپ کے فوری بعد قومی ٹیم کیلئے بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ہے۔

اس حوالے سے پی سی بی نے باقاعدہ اور سنجیدگی سے غور بھی شروع کر دیا ہے۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ورلڈکپ کے بعد منیجمنٹ میں ہیڈ کوچ سمیت غیر ملکی کوچز فارغ ہو جائیں گے جبکہ سرفراز احمد کے مستقبل پر بھی سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ورلڈکپ کے فوری بعد قومی ٹیم کے تمام غیر ملکی کوچز کو فارغ کر دیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے معاہدہ میں بھی مزید توسیع نہیں کی جائے گی جبکہ قومی ٹیم کا نیا کوچ ملکی سابق کرکٹر ہوگا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ کوچز کے علاوہ سینئر کھلاڑیوں سمیت ٹیم میں 5 کی چھٹی کا بھی امکان ہے جبکہ شعیب ملک پہلے ہی ون ڈے سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مکی آرتھر سمیت ٹیم مینجمنٹ کے معاہدوں میں توسیع ناممکن ہے۔ یہ تمام تبدیلیاں ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی مسلسل مایوس کن کارکردگی کے باعث عمل میں لائی جائیں گی۔ دوسری جانب مزید بتایا گیا ہے کہ بھارت سے شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے ڈریسنگ روم میں تناؤ کی صورتحال ہے۔

کپتان قومی ٹیم سرفراز احمد ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں پر برس پڑے اور ان کی شدید سرزنش کی۔ کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ انضمام الحق اور مکی آرتھر غیر ضروری طور پر دخل اندازی کرتے ہیں جس کی وجہ سے ٹیم کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔ سرفراز احمد نے کھلاڑیوں کو کہا کہ میں تو گیا لیکن بہت سے لوگ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو ہو گیا وہ ہو گیا آب آگے دیکھیں البتہ اس سے پہلے انہوں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ کوئی یہ سمجھتا ہے کہ میں گھر چلا جاؤں گا تو یہ اس کی حماقت ہے، اگر خدانخواستہ ٹیم کے ساتھ کچھ برا ہوا تو سب کچھ بہہ جائے گا، میرے ساتھ اور بھی لوگوں کو گھر جانا پڑے گا، اگر کوئی سمجھتا ہے کہ میں ہی جاؤں گا تو یہ اس کی حماقت ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک بھارت میچ میں پاکستان ی ٹیم نے انتہائی ناقص کارکردگی دکھائی اور پاکستان بری طرح میچ ہار گیا۔ ذرائع سے یہ خبر سامنے آئی ہے کہ میچ سے پہلے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی سیر سپاٹے کرتے رہے اور نیند بھی پوری نہیں کی تھی۔ کپتان سرفراز احمد بھی میچ کے دوران جمائیاں لیتے رہے جبکہ کچھ کھلاڑی بھارت کے ساتھ میچ سے پہلے سیر سپاٹے اور پارٹی کرتے رہے۔ اس حوالے سے ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، وائرل ہونے والی تصویر اور ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شعیب ملک کے ساتھ امام الحق، وہاب ریاض اور ثانیہ مرزا رات گئے تک شیشہ بار میں موجود ہیں۔