گوادر کو ایک جدید اور سمارٹ پورٹ سٹی بنایا جائے گا، ساحلی شہر کو تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کے علاقائی مرکز میں تبدیل کرنے کے لیے پالیسی بنائی جا رہی ہے،وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار

منگل 18 جون 2019 20:37

گوادر کو ایک جدید اور سمارٹ پورٹ سٹی بنایا جائے گا، ساحلی شہر کو تجارتی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ گوادر کو ایک جدید اور سمارٹ پورٹ سٹی بنایا جائے گا۔ ساحلی شہر کو تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کے علاقائی مرکز میں تبدیل کرنے کے لیے ایک مربوط پالیسی بنائی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار کی زیر صدارت بروز منگل اسلام آباد میں گوادر سٹی ماسٹر پلان منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیر اعلی بلوچستان جام کمال، کمانڈر سدرن کمانڈ جنرل عاصم سلیم باجوہ، سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن، ڈی جی ایف ڈبلیو او میجر جنرل انعام حیدر ملک اور وزارت کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر حسان داود اور ایف ایچ ڈی آئی کی ٹیم نے ماسٹر پلان کے بارے میں بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے گوادر ماسٹر پلان پر ایف ایچ ڈی آئی کی جانب سے کیے گئے کام کی تعریف کی اور کہا کہ گزشتہ میٹنگ کی تجاویز بھی مجوزہ پلان میں شامل کر لی گئی ہیں۔

وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی ماسٹر پلان کو حتمی شکل دے دی جائے گی اور حتمی شکل دینے کے بعد اس کو کابینہ سے منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ خسرو بختیار نے کہا کہ گوادر کی ترقی سے مقامی آبادی اور بلوچستان کی عوام کی سماجی و اقتصادی زندگی میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گوادر سٹی ماسٹر پلان ساحلی شہر کی پائیدار ترقی کو حاصل کرنے کی طرف ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مقامی آبادی کے حقوق کی حفاظت کی جائے گی اور گوادر کی ترقی سے فائدہ اٹھانے کے لیے ان کو ہر ممکن انداز میں سہولت فراہم کی جائے گی۔ وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ صوبائی حکومت گوادر ماسٹر پلان پر کامیاب عمل درآمد کے لیے پر عزم ہے۔

متعلقہ عنوان :