بی آر ٹی کو جلد از جلد مکمل کرے ریلیف کا جو وعدہ کیا تھا اس پر عمل کیاجائے ، سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری

منگل 18 جون 2019 22:24

بی آر ٹی کو جلد از جلد مکمل کرے ریلیف کا جو وعدہ کیا تھا اس پر عمل کیاجائے ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جون2019ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فیض محمد فیضی نے بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبہ سے متاثرہ تاجروں کومختلف ٹیکسوں میں ریلیف میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بی آر ٹی کو جلد از جلد مکمل کرے اور ریلیف دینے کا جو وعدہ کیا تھا اس پر من و عمل کیا جائے جبکہ ضلع ناظم محمد عاصم خان نے یقین دلایا ہے کہ ان کی سربراہی میں سرحد چیمبرکے ممبران ‘ ڈسٹرکٹ نمائندوں اورتاجررہنمائوں پر مشتمل ایک وفد آئندہ ہفتہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوامحمود خان سے ملاقات کریں گے جس میں بی آر ٹی کی تکمیل میں تاخیر ‘ تاجروں کو ریلیف ‘ ہیرٹیج ٹریل پراجیکٹ منصوبہ سے مشکلات سمیت پراپرٹی ٹیکس ‘ پروفیشنل ٹیکس اور درپیش دیگرمسائل سے وزیراعلیٰ کو تفصیلی طور پر آگاہ کریں گے۔

(جاری ہے)

شاہی کٹھہ پر موجود دکانوں کوکسی صورت مسمار نہیں کیا جائے گا۔ تاجروں اور صنعتکاروں کو ہر قسم کا ریلیف دیا جائے گا اور ان کی باہمی مشاورت سے پالیسیاں ترتیب دیکر انہیں اعتماد میں لیا جائے گا ۔ تاجروں کوہراساں نہیں کیا جائے گا اور انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ضلع ناظم پشاور محمد عاصم خان اور ٹائون ون ناظم زاہد ندیم نے سرحد چیمبر کا دورہ کیااور سرحد چیمبر کے صدر فیض محمد فیضی کی سربراہی میں اجلاس سے خطاب کیا ۔

اس موقع پر سرحد چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر سعد خان زاہد ‘ نائب صدر حارث مفتی ‘ چیف کوآرڈینیٹر ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس پشاور حاجی محمد افضل ‘ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشاور مشتاق حسین ‘ سرحد چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین ملک نیاز محمد اعوان ‘ منہاج الدین ‘ محمد الطاف بیگ ‘ جاوید اختر اور عابد اللہ خان یوسفزئی ‘ شجاع محمد ‘ صدر گل ‘ فیض رسول ‘ راشد اقبال صدیقی ‘ احسان اللہ مہمند ‘ ٹی ایم او ٹائون ون سلیم خان سمیت تاجر برادری نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرحد چیمبر کے صدر فیض محمد فیضی نے کہاکہ ضلعی حکومت اور بزنس کمیونٹی کا چولی دامن کا ساتھ ہے جس کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے بی آر ٹی کی تکمیل میں تاخیرپر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبہ سے تاجر برادری کے کاروبار کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے بی آر ٹی سے متاثرہ بزنس کمیونٹی کو ریلیف دینے کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن تاحال اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔

انہوں نے کہاکہ چھوٹے تاجر ملک کی معیشت کی ترقی میں اہم کردار کرتے ہیں لیکن ان کے ساتھ نارواسلوک روا رکھا جاتا ہے اورپراپرٹی ٹیکس ‘ پروفیشنل ٹیکس ‘ ٹریڈ ٹیکس اور دیگر مختلف ٹیکسوں کا بوجھ ڈالا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کارپوریشن کی جائیدادوں پر عائد ٹیکسوں کوRationalizeکیا جائے اور فلور وائز ویلیو کے لحاظ سے ٹیکس لاگو کیا جائے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ چھوٹے تاجروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے تاکہ بی آر ٹی سے متاثرہ کاروبار بحال ہوسکے اور سکھ کا سانس لے سکیں۔

انہوں نے ضلعی حکومت سے موثر فیصلہ سازی میں سرحد چیمبر کی نمائندگی یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا انہوں نے مطالبہ کیا کہپشاور شہر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں فوری طور پر تمام ناکارہ پانی کے پائپس تبدیل کئے جائیں اور عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے ۔اس کے علاوہ انہوں نے پشاور شہر کی خوبصورتی کیلئے تجاوزات کے خلاف آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ سڑک کے درمیان نصب بجلی اور ٹیلی فون کے کھمبے فوری طور پر ہٹائے جائیں۔

ضلع ناظم پشاور محمد عاصم خان نے سرحد چیمبر کے صدر فیض محمد فیضی کی جانب سے پیش کردہ سفارشات اور تجاویز سے اتفاق کیا اور یقین دلایا کہ تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیںگے۔ انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کا سب سے بڑا پارکنگ پلازہ نمک منڈی میں تعمیر کیا جا رہا ہے جس سے شہر بھر میں ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس قسم کے پارکنگ پلازہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی تعمیر کئے جائیںگے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی کی تکمیل میں تاخیر ‘ تاجروں کو ریلیف ‘ ہیرٹیج ٹریل اور دیگر مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔اس موقع پر ناظم ٹائون زاہد ندیم ‘ سرحد چیمبر کے سابق صدر حاجی محمد افضل ‘ سابق نائب صدر جاوید اختر اور تاجروں کے رہنمائوں نے بھی خطاب کیا اور بی آر ٹی میں تاخیر کی وجہ سے درپیش مسائل ‘ڈبل ٹیکسیشن اور شہر بھر میں صفائی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور ضلعی حکومت سے ان مسائل کے فوری حل کیلئے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔