ایران کے ساتھ بڑھتی کشیدگی: امریکہ نے ایک ہزار اضافی فوجی تعینات کرنے کی منظوری دیدی

فوجیوں کو فضائی ، بحری ، بری خطرات سے نمٹنے کے لئے دفاعی مقصد کے لئے بھیجا جارہا ہے ، وزیر دفاع پیٹرک شناہن

منگل 18 جون 2019 22:53

ایران کے ساتھ بڑھتی کشیدگی: امریکہ نے ایک ہزار اضافی فوجی تعینات کرنے ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جون2019ء) امریکہ نے گزشتہ روز کہا ہے کہ ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اس نے مشرق وسطی کے لئے ایک ہزار اضافی فوجی تعینات کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔قائمقام وزیردفاع پیٹرک شناہن نے ایک بیان میں کہا کہ فوجیوں کو مشرق وسطی میں فضائی ، بحری اور بری خطرات سے نمٹنے کے لئے دفاعی مقصد کے لئے بھیجا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

شناہن نے کہا کہ حالیہ ایرانی حملے ہماری ٹھوس قابل بھروسہ انٹیلی جنس معلومات کو درست ثابت کرتے ہیں جو ہمیں ایرانی فورسز اور ان کے پراکسی گروپوں کے جارحانہ رویے سے متعلق موصول ہوئی ہیں جو کہ خطے بھر میں امریکی اہلکاروں اور اس کے مفادات کے لئے خطرہ ہیں۔امریکہ گزشتہ ہفتے خلیج اومان میں دو ٹینکرز پر ہونیوالے حملے کی ذمہ داری ایران پر عائد کرچکا ہے تہران اس الزام کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کر چکا ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ ایران کے ساتھ جنگ نہیں چاہتا اور مزید کہا کہ تعیناتی کا مقصد خطے بھر میں ہمارے فوجی اہلکاروں کی حفاظت و بہبود اور اپنے قومی مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے ۔

متعلقہ عنوان :