ٖپیرس انٹر نیشنل ائیر شو کی افتتاحی تقریب میں JF-17 تھنڈر کی گھن گرج سے فضاء گونج اُٹھی

منگل 18 جون 2019 23:23

ٖپیرس انٹر نیشنل ائیر شو کی افتتاحی تقریب میں  JF-17 تھنڈر کی گھن گرج سے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جون2019ء) 53ویں پیر س انٹر نیشنل ائیر شو کی افتتاحی تقریب کے موقع پر پاک فضائیہ کے JF-17 تھنڈر کے شاندار فضائی مظاہرے اور گھن گرج سے پیرس کی فضائیں گونج اٹھیں۔پاکستانی پرچم کے رنگوں میں رنگے فخر پاکستان نے مسحور کن فضائی مظاہرہ پیش کیا اورغیر معمولی کرتب دکھائے جن میں muscle climb, thunder turns, slow speed performance, inverted flightشامل ہیں ۔

پاک فضائیہ کے ڈیمو پائلٹ ونگ کمانڈر ذیشان بریار نے اس شاندارمظاہرے سے حاضرین پر سحر طاری کر دیا۔ جہاں حاضرین اس ملٹی رول پاکستانی لڑاکا طیارے کے دلوں کو گرما دینے والے کرتب دیکھ کر دم بخود رہ گئے وہیں فرانسیسی ساختہ رافیل طیارے نے بھی اپنی پرواز کے جوہر دکھائے۔ فضائی مظاہرے کے ساتھ ساتھ ایک JF-17 طیارہ اپنے جدید ہتھیاروں سے لیس زمین پر شائقین کے لیے مرکز نگاہ بنا رہا۔

(جاری ہے)

بڑی تعداد میں خریداروں اورایوی ایشن کے ماہرین نے طیارے کامعائنہ کیا جسے پی اے سی کامرہ میں تیار کیا گیا ہے ۔ پیرس ائیر شو فرنچ ائیر و سپیس انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے تعاون سے ہر دوسرے سال منعقد کی جانے والی دنیا کی سب سے بڑی نمائش ہے ۔اس ائیر شو میں دنیا بھر کے مختلف ممالک سے بڑی تعداد میں فضائی کمپنیاںاور نمایاں حیثیت کی حامل ایوی ایشن انڈسٹریز حصہ لیتی ہیں ۔