Live Updates

عمران خان دھمکیاں نہ دیں کمیشن بنائیں

جتنے مرضی کمیشن بنائیںآئین، قانون اور پارلیمان کی بالادستی پہ کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا

Sajjad Qadir سجاد قادر بدھ 19 جون 2019 06:12

عمران خان دھمکیاں نہ دیں کمیشن بنائیں
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جون2019ء) ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے حکومت کے خلاف جارحانہ پالیسی جاری رکھنے کا جیسے فیصلہ کر لیا ہے۔یہی وجہ ہے کہ آئے روز دونوں جماعتیں حکومتی ارکان اور وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتی نظر آتی ہیں۔کبھی بجٹ پر تنقید کی جاتی ہے تو کبھی دس برسوں میں لیے جانے والے قرض کے لیے انکوائری کمیشن پر۔کوئی بھی موقعہ ہو اپوزیشن حکومت کو آڑے ہاتھوں لینا فرض سمجھتی ہے۔

گزشتہ روز بھی مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب جتنے مرضی کمیشن بنائیں، آپ کو سیلیکٹڈ، ووٹ چور اور کٹھ پتلی وزیراعظم کہتے رہیں گے۔اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ’ہائی پاورڈ انکوائری کمیشن‘ کب بنے گا ؟ عمران خان دھمکیاں نہ دیں، تاریخ بتائیں؟ عمران صاحب جتنے مرضی کمیشن بنا لیں، آئین، قانون اور پارلیمان کی بالادستی پہ کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے عمران خان اور ان کی بہن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب ایک انکوائری کمیشن بنائیں جو پتہ لگائے کہ ’کیا تھے وہ ذرائع‘ جن سے علیمہ باجی نے اربوں کی غیر قانونی جائیدادیں خریدیں؟ آپ کی آمدن اور اثاثے کیا ہیں؟ آپ ایک لاکھ ٹیکس کس حساب سے دیتے ہیں؟ عمران صاحب ایک انکوائری کمیشن یہ بھی بنائیں جو تحقیق کرے کہ صرف 10 ماہ میں ترقی کی شرح آدھی اور مہنگائی تین گنا کیسے ہوگئی؟ ایک کمیشن بنائیں جو پتہ لگائے کہ ایک کروڑ نوکریوں، 50 لاکھ گھروں اور ڈیم فنڈ کا کیا ہوا، اپنی نالائقیوں پر آپ کو ایک نہیں 100 کمیشن بنانے پڑیں گے، اس کے علاوہ آپ اپنے دماغی معائنے کے لئے کمیشن بنانا نہ بھولیے گا۔

عمران صاحب پچھلے 10 سال کے علاوہ پچھلے 10 ماہ کے 5 ہزار ارب روپے کی انکوائری بھی شامل کریں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات