Live Updates

بجٹ پاس کرانے کی چال یا پھر اتحادیوں کو جوڑے رکھنے کی کوشش

حکومت کا ایم کیو ایم کو ایک اور وزارت دینے کا فیصلہ

Sajjad Qadir سجاد قادر بدھ 19 جون 2019 06:23

بجٹ پاس کرانے کی چال یا پھر اتحادیوں کو جوڑے رکھنے کی کوشش
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جون2019ء)   حکومت کا احتساب کا نعرہ پوری شدومد سے جاری ہے۔یہی وجہ ہے کہ اپوزیشن لیڈر ایک ایک کر کے جیلوں میں پہنچ رہے ہیں اور انہیں پروڈکشن آرڈر بھی نہیں مل رہے کہ کسی بہانے جیل سے باہر آ سکیں۔اب جب عدالت اور ایوان دونوں طرف سے انہیں جیل سے باہر آنے کا پروانہ نہیں مل رہا تو ماضی کی حریف جماعتیں ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے ایک ہوکرحکومت کے خلاف لائحہ عمل تیار کر لیا ہے۔

اپوزیشن ایک طرف حکومت پر تنقید کر کے انہیں زچ کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے تو دوسری طرف یہ دونوں پارٹیاں مل کر حکومت کی اتحادی پارٹیوں کو توڑنے کی کوشش میں بھی مصروف ہیں۔یہی وجہ ہے کہ حکومتی اتحادی پارٹی کے راہنما اختر مینگل نے حکومت سے علیحدہ ہونے کا عندیہ دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

عین ممکن ہے کہ ق لیگ اور ایم کیو ایم سے بھی ن لیگ اور پیپلز پارٹی تعلقات بڑھا لے تاہم اس حوالے سے ابھی تک کوئی خبر نہیں آئی۔

مگر گزشتہ روز حکومت کی ایم کیو ایم کو ایک اور وزارت دینے کی خبر نے تشویش کی لہر ضرور پیدا کی ہے کہ اچانک سے ایم کیو ایم نے ایسی کیا کارکردگی دکھائی کہ انہیں مراعات دینے کے ساتھ ایک وزارت بھی دی جا رہی ہے۔شاید یہ اسی سلسلے کی کڑی ہو کہ اتحادی جماعتیں حکومت کے ساتھ کھڑی ہوں اور حکومت کو بجٹ پاس کرانے میں مشکل پیش نہ آئے۔حکومت نے اتحادی جماعت ایم کیو ایم کو ایک نئی وزارت دینے کے ساتھ کراچی اور حیدر آباد کے میئرز کو مالی پیکیج دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم نے وزیر اعظم آفس اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں متحدہ قومی موومنٹ کو ایک اور وفاقی وزارت دینے پر اتفاق کیا گیا۔وزیرِ اعظم نے میئر کراچی اور میئر حیدر آباد کو بااختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور فیصلہ کیا کہ میئر کراچی اور میئر حیدرآباد کو مالی پیکیج دیا جائے گا۔

وزیر اعظم نے وفاقی وزیر قانون اور گورنر سندھ پر مشتمل کمیٹی کو ٹاسک دیا یہ کمیٹی دو دن میں طریقہ کار وضع کرکے وزیرِ اعظم کو اپنی سفارشات پیش کرے گی۔وزیر اعظم نے جمہوری عمل میں ایم کیو ایم کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ کراچی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے اسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات