چند دنوں میں اپوزیشن جماعت کے 15 ایم این اے گرفتار ہوں گے

معروف صحافی نے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کی گرفتاری کا دعویٰ کر دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 19 جون 2019 10:49

چند دنوں میں اپوزیشن جماعت کے 15 ایم این اے گرفتار ہوں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جون2019ء) معروف صحافی چوہدری غلام حسین نے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کی گرفتاری کا دعویٰ کر دیا۔چوہدری غلام حسین کا کہنا تھا کہ چند دنوں میں اپوزیشن جماعت کے 15 ایم این اے گرفتار ہوں گے جب کہ کچھ تو پہلے ہی گرفتار ہو چکے ہیں۔ان کے جرائم بہت جلد سب کے سامنے آ جائیں گے،اگرچہ اپوزیشن کہہ رہی ہے کہ بجٹ سے پہلے ہمارے ارکان اسمبلی کو گرفتار کیا جائے گا تاہم انہوں نے جرائم ہی بہت کیے ہیں جو سب کے سامنے آ جائیں گے۔

خیال رہے نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی ہے، نیب نے وزارت خارجہ،وزارت داخلہ کے افسران اورسابق وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو کے خلاف انکوائری کی منظوری جبکہ سابق وی سی مجاہد کامران کیخلاف ریفرنس دایر کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ر جاوید اقبال کی صدارت میں نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں نیب ایگزیکٹو بورڈ نے 6 انویسٹی گیشنز کی منظوری دے دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نیب نے سابق وزیراعظم اور سابق وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کیخلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دے دی ہے۔ اجلاس میں وزارت خارجہ، وزارت داخلہ کے افسران واہلکاروں کیخلاف بھی انویسٹی گیشن کی منظوری دے دی گئی ہے۔سی طرح سوئی سدرن انتظامیہ، انٹر اسٹیٹ گیس سسٹم ، میسرز ایل این جی ٹرمینل کے خلاف تحقیقات کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔

نیب نے سابق وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو اور سابق وزیر ریلوے اورمحکمہ ریلوے سکھر ڈویژن کے افسران کے خلاف انکوائری جبکہ سابق وی سی مجاہد کامران کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس ر جاوید اقبال نے کہا کہ میگا کرپشن کے مقدمات منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی لوٹی رقم کی واپسی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔

قوم کے لوٹے گئے326 ارب روپے وصول کر کے قومی خزانہ میں جمع کرائے۔ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے جو ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام انکوائریوں اور انویسٹی گیشنز کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ نیب ’’احتساب سب کے لیے‘‘ کی پالیسی پر قانو ن کے مطابق عمل پیراہے۔