سرمایہ کاری اور منافع کا جھانسہ دے کر چینی جعل سازی کمپنی نے پاکستان سے دو ارب روپے کا فراڈ کر دیا

جعل ساز کمپنی نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں سرمایہ کاری کر کے منافع کا جھانسہ دیا تھا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 19 جون 2019 10:52

سرمایہ کاری اور منافع کا جھانسہ دے کر چینی جعل سازی کمپنی نے پاکستان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جون 2019ء) : ملک میں سرمایہ کاری اور منافع کا جھانسہ دے کر ایک چینی جعلساز کمپنی نے پاکستان کے ساتھ دو ارب روپے کا فراڈ کر ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں سرمایہ کاری کر کے منافع کا جھانسہ دے کر لوٹ مار کرتے رہے۔ پولیس نے اکتوبر 2018ء میں خفیہ رپورٹ جاری کی تھی تاہم حکام نے کوئی ایکشن نہیں لیا۔

چینی جعل ساز کمپنی نے پاکستانی شہریوں کے ساتھ فراڈ کر کے دو ارب روپے کا چونا لگا دیا۔ چینی جعل ساز کمپنی کا کراچی کے علاقہ ڈیفنس میں دفتر قائم تھا جہاں سے شہریوں کو سرمایہ کاری کرکے منافع کا جھانسہ دیا جاتا تھا۔ ان فراڈیوں نے کراچی میں ہی نہیں بلکہ لاہور اور اسلام آباد میں بھی شہریوں کے ساتھ فراڈ کیا اور انہیں جھانسہ دیا۔

(جاری ہے)

چینی کمپنی کی جانب سے ممبرز کو سرمایہ کاری پر سپرسٹورز میں دکانوں، موٹرسائیکل اور کاروں کا لالچ دیا گیا۔

اس ضمن میں سپیشل برانچ کی انٹیلی جنس رپورٹس بھی منظر عام پر آ گئی ہے جس کے مطابق پولیس نے اکتوبر 2018ء میں فراڈ سے متعلق خفیہ رپورٹ جاری کی۔ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ڈیفنس میں چینی شہری پاکستانیوں کے ساتھ ملکر منظم فراڈ کر رہے ہیں، رپورٹس کے بعد بھی کسی وفاقی و صوبائی ادارے نے نوٹس نہیں لیا جبکہ حکام خاموش تماشائی بنے رہے۔ یہی وجہ ہے کہ چینی جعلساز کمپنی شہریوں کے ساتھ فراڈ کرنے میں کامیاب ہوئی۔

خیال رہے کہ پاک چین دوستی کی مثالیں تو بہت ملتی ہیں لیکن حال ہی میں کچھ چینی باشندوں نے اس دوستی کو خراب کرنے کی کافی کوشش کی ہے۔ حال ہی میں چین سے آئے ایک منظم گروہ کا پاکستانی لڑکیوں سے شادی اور انہیں واپس چین لے جا کر ان کے اعضا فروخت کروانے اور انہیں ناجائز کاموں پر مجبور کرنے کے گھناؤنے کام کا بھی انکشاف ہوا تھا۔