وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیروں اور مشیروں کو گورنر پنجاب سے ملاقات سے روک دیا

سینئیر صحافی و تجزیہ کار چوہدری غلام حسین نے دعویٰ کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 19 جون 2019 11:15

وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیروں اور مشیروں کو گورنر پنجاب سے ملاقات سے روک ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جون 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئیر صحافی و تجزیہ کار چوہدری غلام حسین نے کہا کہ ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا۔ جب نالائقی ، نااہلی اور لوٹ مار کے علاوہ اور کوئی کام نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ مجھے پتہ چلا ہے کہ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور جو ہمیں کہتے ہیں کہ آپ وزیراعلیٰ پنجاب کی مخالفت نہ کریں، وزیراعلیٰ پنجاب انہی کے خلاف ہتھیار بند ہو گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار وزیروں اور مشیروں کو کہہ رہے ہیں کہ گورنر صاحب سے جو لوگ ملنے جائیں گے میں اُن کو نیگیٹو فہرست میں رکھ دوں گا۔ انہوں نے بتایا کہ گورنر صاحب کے کسی آدمی نے ان کے ایک شخص سے پوچھا کہ جناب یہ گورنر نے آپ کو کیا پریشانی دی ہے؟ وہ تو وزیراعظم کی وجہ سے رات دن بزدار بزدار کی تسبیح کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے آپ کو ایسا کیا کہہ دیا ہے کہ اب وزیروں اور مشیروں کو بھی ان سے ملاقات کرنے سے روک دیا گیا ہے نہ ہی وزیراعلیٰ پنجاب خود ان سے ملاقات کے لیے جاتے ہیں۔

جس پر انہوں نے کہا کہ آپ کو معلوم نہیں ہے کہ گورنر صاحب علیم خان کے ساتھ مل گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے وزیروں اور مشیروں کو حکم نامہ جاری کر دیا ہے کہ خبردار کوئی وزیروں اور مشیروں کو ملا یا خبردار گورنر ہاؤس کو کوئی کاغذ پہنچایا گیا۔ چوہدری غلام حسین نے کہا کہ چودھری سرور نے اپنی محنت سے یہ عہدہ لیا ، ان کو چاہئیے کہ ڈی سی اوز ، ڈی پی اوز اور دیگر افسران کے تبادلوں کے جو جو پیسے لیے جا رہے ہیں جو لوٹ مار ہو رہی ہے اس پر آواز اُٹھائیں۔

چودھری سرور پہلے پاکستانی ہیں جو برطانیہ میں اسمبلی کے رکن بنے۔ لیکن میں وزیراعلیٰ پنجاب کی وارداتوں کی فہرست گنوا سکتا ہوں جو جو وہ کر رہے ہیں۔ بزدار صاحب سمجھتے ہیں کہ اُن سے سیانا اور سمجھدار سیاستدان کوئی نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں: