بھارت سے شکست، جذباتی پاکستانی فین کی ویڈیو وائرل

دل رو رہا ہے میرا، سرفراز نے دھوکا دےدیا:ثاقب مومن

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 19 جون 2019 12:05

بھارت سے شکست، جذباتی پاکستانی فین کی ویڈیو وائرل
مانچسٹر(اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار۔ 19جون2019ء) ورلڈ کپ 2019 ءکے سب سے ہائی وولٹیج میچ میں پاکستان کی بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستانی شائقین جہاں بےحد مایوس ہوئے اور اپنے غم و غصے کے اظہار کیلئے سوشل میڈیا کا سہارالینے لگے وہیں سوشل میڈیا سے شہرت یافتہ کرکٹ کے متوالے مومن ثاقب نے بھی اپنے دل کی بھڑاس نکال دی۔ مومن ثاقب کی پاک بھارت ٹاکرے میں قومی ٹیم کی شرمناک ناکامی کے بعد نجی چینل کوجذباتی مگر مزاحیہ انداز میں انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جس ملک میں روٹی پانی کا مسئلہ ہوتا ہے وہاں کے لوگوں کی کرکٹ کی طرح کی چھوٹی چھوٹی خوشیاں ہوتی ہیں اور وہ خوشیاں بھی پاکستانی ٹیم نے ان سے چھین لی ہیں۔

انھوں نے شیشہ پارلر والی ویڈیوکا حوالہ دیتے ہوئے قومی ٹیم پر طنز کیا کہ ’کل رات پتا چلا ہے کہ ٹیم برگر اور پیزے کھاتی رہی،شیر شاہ پیتی رہی، گلاب جامن کھاتی رہی، انہیں کرکٹ چھوڑ کر ’دنگل‘ میں حصہ لینا چاہیے،ثاقب اتنے جذباتی ہو گئے کہ ان کے آنسوبہنے والے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ’ ہم ان سے اتنی امیدیں بنائے بیٹھے ہیں اور انہیں برگر کھانے کی پڑی ہے، انہیں اپنی فٹنس کا کوئی خیال نہیں، انہیں لاہور لیکر جاﺅ، وہاں کڑاہی کھلاﺅ ار انکے پیٹ بڑے کروادو۔

انہوں نے پاس کھڑے لوگوں سے کہا کہ مارو، مجھے مارو، یہ مذاق ہو رہا ہے کیا؟ہم یہاں کیا کرنے آئے ہیں، ہم انکو سپورٹ کرنے آتے ہیں، اتنا پیسہ اور وقت لگا کے آتے ہیں،اور یہ لوگ کیا کر رہے ہیں۔پاکستانی کپتان سرفراز احمد کے فیصلوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سرفراز صاحب سے کہو کہ نیند کی گولیاں کھائیں، اپنی نیند پوری کریں، سرفراز نے دھوکا دے دیا ہے، ہمیں ان سے بڑی امیدیں تھیں۔

انہوں نے سرفراز کوپنجابی لہجے میں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ، سرفراز صاحب ’کوئی لیڈر شپ ویکھو، کی کرنا ہے، کی نہیں کرنا ، بیٹنگ کرنی ہے؟ باﺅلنگ کرنی ہے؟موسم کی ہے؟،آخر میں انہوں نے کہا میرے پاس کوئی الفاظ نہیں ہیں، مجھے معاف کردیں آپ لوگ سب ، مجھے چھٹی دے دیں۔
واضح رہے 23 سالہ مومن ثاقب کا تعلق لاہور سے ہے، انہوں نے حال ہی میں کنگز کالج لندن سے کمپیوٹر سائنس میں بیچلرز کی ڈگری مکمل کی ہے اور انسٹاگرام پر انکی پروفائل پر 48 ہزار سے زیادہ فالورز ہیں۔