مقبوضہ کشمیر میں 3 بھارتی فوجیوں کی خودکشی

دو بھارتی فوجیوں نے ڈیوٹی کے دوران خودکشی کی،تیسرے نے بیوی کو گولی مارنے کے بعد اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کر لیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 19 جون 2019 12:20

مقبوضہ کشمیر میں 3 بھارتی فوجیوں کی خودکشی
مقبوضہ کشمیر ا(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 جون 2019ء) مقبوضہ کشمیر میں مزید تین بھارتی فوجیوں نے خودکشی کر لی۔اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مقبوضہ وادی چنار میں قابض بھارتی افواج سے تعلق رکھنے والے تین فوجیوں نے خودکشی کر لی ہے۔دو فوجیوں نے خودکشی ڈیوٹی کرنے کے دروان کی جب کہ تیسرے بھارتی فوجی نے بیوی کو گولی مارنے کے بعد خودکشی کا راستہ اپنایا۔

راشٹریہ رائفلز کے فوجی چھوٹو کمار نے کپواڑہ میں خودکشی کی۔جس کی عمر 24 سال تھی۔ بھارتی فوج کی 47راشٹریہ رائفلز سے وابستہ 24سالہ اہلکارچھوٹو کمارنے ضلع میں کنڈی کے علاقے سدائو گنگا میں ڈیوٹی کے دوران اپنی سروس رائفل سے گولی چلاکر خودکشی کرلی ۔پولیس کے ایک افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ضلع ڈوڈہ کے علاقے کاستی گڑھ میں ولیج ڈیفنس کمیٹی کے ایک اہلکار دھیرج راج نے سروس رائفل سے اپنی بیوی ارملا دیوی کو گولی مارکر ہلاک کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔ولیج ڈیفنس کمیٹی جموں خطے میں بھارتی فوج کی سرپرستی میں قائم کیا گیا ایک مسلح گروپ ہے۔ ان واقعات سے مقبوضہ کشمیر میں 2007ء سے خودکشی کرنے والے بھارتی فوجی اورپولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر432ہوگئی ہے۔

۔تیسرے بھارتی فوجی کا تعلق بارڈر سیکورٹی فورس سے تھا۔اس نے بارہ مولا میں اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔خیال رہے بھارتی میڈیا نے انکشاف کیا تھا کہ ہرسال ایک ہزارچھ سو بھارتی فوجی اپنے ہی ہاتھوں زندگیوں کا خاتمہ کرتے ہیں ،ْگزشتہ 9 سالوں میں ایک ہزار بائیس فوجیوں نے خودکشیاں کی۔بھارتی اخبار ’’ٹائمز آف انڈیا ‘‘ کی رپورٹ میں کہا کہ بھارت میں ہر سال 1600 فوجی جوان جنگ کے بغیر ہی مارے جاتے ہیں ،ْورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر تعینات بھارتی فوجی دستوں کے حوصلے پست ہوتے جارہے ہیں ،ْ بھارتی اخبار میں خودکشیوں کی وجوہات بیان کی گئی ہیں جن میں مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکتیں، ریاستی طاقت کے استعمال کے باوجود کشمیر میں ناکامی کے ساتھ شدید مزاحمت کو قرار دیا گیا جبکہ سرحدی علاقوں میں تعینات فوجیوں کو صرف دو فیصد الاؤنس ملنا ،ْ گھرسے دوری ، فوجی افسروں کا جوانوں کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اورچھٹیوں کی درخواستوں کا مسترد ہونا بھی بھارتی فوجیوں کی حوصلہ شکنی کا بڑا سبب ہے۔

دوسری جانب بھارتی وزیرمملکت برائے دفاع سبھاش بھامرکی جانب سے پارلیمنٹ میں پیش کی جانے والی رپورٹ کے مطابق 2009 سے اب تک 9 برسوں میں ایک ہزار 22 بھارتی فوجیوں نے خودکشی کی، 2014 سے 2017 کے درمیان 425 جبکہ 2009 سے 2013 کے درمیان 597 فوجیوں نے مختلف وجوہات کی بنا پر اپنی زندگیوں کا خاتمہ کیا ۔ گزشتہ چار برسوں میں فوج کے 9 افسران اور 26 اہلکاروں نے خودکشی کی، سب سے کم خودکشیوں کے واقعات بحریہ میں دیکھنے میں آئے جہاں دو افسران اور 16 سیلرز نے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔