Live Updates

چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی ہیں اور رہیں گے‘ ان کو ہٹانے کے لئے جیل سے احکامات آرہے ہیں، پارلیمانی سیکرٹری ریلوے فرخ حبیب کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 19 جون 2019 13:11

چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی ہیں اور رہیں گے‘ ان کو ہٹانے کے لئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2019ء) پارلیمانی سیکرٹری ریلوے فرخ حبیب نے کہا ہے کہ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی ہیں اور رہیں گے‘ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان اتفاق و اتحاد نہیں ہے‘ اپوزیشن لیڈر کی تقریر کے دوران پی پی اور جمعیت علماء اسلام احتجاج کرتی رہی‘ قومی ترقی کونسل سے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملکی ترقی و عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے سنجیدہ ہیں۔

قومی ترقی کے لئے قومی ترقیاتی کونسل کا قیام ان کے وژن کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنے اپنے مقاصد کے حصول کے لئے کوشاں ہیں، اپنے آپ کو بچانے کے لئے جو این آر او مانگ رہے ہیں ان کو این آر او نہیں ملے گا۔

(جاری ہے)

اپوزیشن لیڈر کی تقریر کے دوران پیپلز پارٹی ‘ جے یو آئی (ف) احتجاج کر رہی تھیں،یہ کیسا اتحاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کا عمل رکنے والا نہیں، کچھ گرفتاریاں ہوئی ہیں اور کچھ مزید ہونے جارہی ہیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت بڑے آرام سے بجٹ منظور کرائے گی، بجٹ میں نوجوانوں کے لئے سو ارب روپے جبکہ بجلی کی سبسڈی کے لئے بھی رقم مختص کی گئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں فرخ حبیب نے کہا کہ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی ہیں اور رہیں گے‘ ان کو ہٹانے کے لئے جیل سے احکامات آرہے ہیں مگر ان کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ اس حوالے سے انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات