افغان کھلاڑیوں کا ریسٹورنٹ میں جھگڑا،کپتان کا اظہار لاعلمی

ٹورنامنٹ میں افغان ٹیم کو اب تک کھیلے گئے پانچوں میچز میں شکست ہوئی ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 19 جون 2019 12:42

افغان کھلاڑیوں کا ریسٹورنٹ میں جھگڑا،کپتان کا اظہار لاعلمی
مانچسٹر(اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار۔ 19جون2019ء) ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران مانچسٹر میں پاکستانی کرکٹرز کے شیشہ اسکینڈل کے بعد افغانستان کے کھلاڑیوں کے ریسٹورنٹ میں جھگڑے کا واقعہ رونماہوا ہے۔مانچسٹر میں یہ واقعہ اسی علاقے میں پیش آیا ہے جہاں شعیب ملک اور دیگر کرکٹرز کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی۔ پریس کانفرنس میں جب افغان کپتان گلبدین نائب سے اس واقعے کے بارے میں دریافت کیا گیا تو انہوں نے لاعلمی ظاہر کی اور کہا کہ اس بارے میں سکیورٹی آفیسر یا منیجر بتا سکتے ہیں۔

جب ان سے مزید سوالات ہوئے تو انہوں نے پریس کانفرنس سے واک آﺅٹ کی دھمکی دی اور غصے میں دکھائی دیے۔ مقامی میڈیا کے مطابق انگلینڈ کے میچ سے ایک روز قبل رات کو افغانستان کے کھلاڑی ایک ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے گئے جس دوران ایک شخص نے ان کی ویڈیو بنانے کی کوشش کی جس پر جھگڑا ہوا اور پولیس کو طلب کر لیا گیا،رات سوا گیارہ بجے پیش آنے والے واقعے کے بعد کھلاڑی ریسٹورنٹ سے چلے گئے۔

(جاری ہے)

گریٹر مانچسٹر پولیس نے واقعے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ٹورنامنٹ میں افغان ٹیم کو اب تک کھیلے گئے پانچوں میچز میں شکست ہوئی ہے۔