کویتی لڑکیوں نے خاتون اور اس کے خاوند کی پٹائی کر دی

لڑکیوں کی جانب سے مرد پر فقرے کسنے کے باعث یہ جھگڑا شروع ہوا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 19 جون 2019 13:05

کویتی لڑکیوں نے خاتون اور اس کے خاوند کی پٹائی کر دی
کویت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،19 جُون 2019ء) کویتی اخبار القبس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ایک کویتی قہوہ خانے میں آئے میاں بیوی کی وہاں موجود شرارتی لڑکیوں سے تکرارہو گئی جو بعد میں دھینگا مشتی میں بدل گئی۔ تفصیلات کے مطابق قہوہ خانے میں موجود لڑکیوں نے اپنی بیوی کے ساتھ آئے مرد پر کچھ فقرے کسے۔ لڑکیوں کی یہ فقرے بازی خاصی بلند آواز میں تھی جواس جوڑے نے بھی سُن لی۔

خاتون اپنے خاوند کے بارے میں نامناسب کلمات سُن کر بھڑک اُٹھی اوران لڑکیوں کو بھی جواباًایک سخت فقرہ کہہ دیا۔ اس کے بعددونوں جانب سے بدکلامی کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ جو بڑھتے بڑھتے ہاتھا پائی تک جا پہنچا۔لڑکیوں کے اس گروپ نے دونوں میاں بیوی کو گھیرا ڈال لیا۔پہلے تو انہوں نے خاتون کی مار پیٹ کی جب اس کے خاوند کی جانب سے اُسے بچانے کے لیے مداخلت کی گئی تو ان دنگے باز لڑکیوں نے اُس کی بھی اچھی خاصی پٹائی کر دی۔

(جاری ہے)

اس لڑائی کے باعث قہوہ خانہ کسی ایکشن فلم کا سین پیش کرنے لگا۔ لڑکیوں کی جانب سے مُکوں اور لاتوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ اس دوران قہوہ خانے کے فرنیچر کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ مالک کی جانب سے یہ لڑائی تھمتے نہ دیکھ کر پولیس بُلا لی گئی۔ پولیس نے لڑکیوں کے اس گروپ کو غنڈہ گردی کے جُرم میں گرفتار کر لیا اور ان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔ مالک کی جانب سے قہوہ خانے کوپہنچنے والے نقصان کا ہرجانہ طلب کیا گیا ہے۔ اس واقعے کوکویت میں سوشل میڈیا پر بہت زیادہ بحث میں لایا جارہا ہے۔ اکثر افراد کے خیال میںجدید دورنے اپنی سے بڑی عمرکے لوگوں کے احترام اور دیگر اخلاقی اقدار کا تیاپانچہ کر کے رکھ دیا ہے۔ اس واقعے کو لڑکیوں کے ذہنی دیوالیہ پن کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔