Live Updates

سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال سے متعلق نیب کیسز میں سے وزیراعظم عمران خان کا نام غائب

زیرتفتیش 71 افراد کی فہرست سے عمران خان کا نام اور ہیلی کاپٹرکے کیس کا تذکرہ نہیں ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 19 جون 2019 13:16

سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال سے متعلق نیب کیسز میں سے وزیراعظم عمران ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جون 2019ء) :خیبرپختونخواہ کے سرکاری ہیلی کاپٹرز کے استعمال سے متعلق نیب کیسز سے وزیراعظم عمران خان کا نام غائب کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو(نیب ) کے زیرتفتیش 71افرادکی فہرست سے عمران خان کا نام اور ہیلی کاپٹرکے کیس کا تذکرہ نہیں ہے۔ قومی احتساب بیورو پشاور کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب خیبرپختونخوانے 9 ماہ قبل تفتیش مکمل کرکے فائل ہیڈ کوارٹرارسال کی تھی۔

کیس ابھی تک نیب کے کسی ایگزیکٹیوبورڈ ایجنڈے پر بھی نہیں لایا گیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق نیب میں خیبرپختونخوا کے 18افراد کے خلاف میگا کرپشن اسکینڈل کی تفتیش جاری ہے۔ عمران خان پرخیبرپختونخوا کے دو ہیلی کاپٹرز کو 74 گھنٹے سے زائد غیرقانونی استعمال کے حوالے سے تحقیقات شروع کی گئیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گذشتہ برس 8 اگست کو عمران خان نے وزارت عظمی کے حلف سے قبل نیب پشاور میں اپنا بیان بھی ریکارڈ کروا دیا تھا۔

نیب ذرائع کے مطابق عمران خان ایک گھنٹہ 10 منٹ نیب دفتر میں موجود رہے جبکہ نیب ٹیم نے 30 منٹ تک عمران خان سے سوالات کیے۔ عمران خان نے مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے کبھی حکومتی ہیلی کاپٹر استعمال نہیں کیا بلکہ وہ ہمیشہ صوبے کے سابق وزیراعلٰی یعنی پرویز خٹک کے ہمراہ سفر کرتے رہے ہیں۔ ترجمان نیب کے مطابق ہیلی کاپٹرکیس میں پانچ رکنی تحقیقاتی ٹیم نے عمران خان سے ایک گھنٹہ تفتیش کی اور سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال پر 7 سوال کیے، انہوں نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ساتوں سوالات کے جواب دئے اور طلبی پر نیب کا شکریہ بھی ادا کیا۔

عمران خان کے وکیل بابراعوان نے کیس سے متعلق دستاویزات نیب ٹیم کے حوالے کیں۔ نیب نے عمران خان کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد خصوصی سوالنامہ بھی ان کے حوالے کردیا جسے 15 دن کے اندر تحریری جوابات کے ساتھ جمع کرنے کا حکم جاری کیا گیا۔ تاہم اب تو وزیراعظم عمران خان کا نام ہی کیس کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات