Live Updates

حکومت کے خلاف فارورڈ بلاک، اتحادی جماعتوں کی ناراضگی اور اپوزیشن کا سخت لہجہ

کیا یہ سب کچھ عمران خان کو وارننگ دینے کے لیے کروایا جا رہا ہے؟ معروف صحافی نجم سیٹھی نے اشاروں میں بڑی بات کہہ دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 19 جون 2019 13:25

حکومت کے خلاف فارورڈ بلاک، اتحادی جماعتوں کی ناراضگی اور اپوزیشن کا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار19 جون 2019ء) معروف صحافی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ کہا جا رہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف فارورڈ بلاک بننے جا رہا ہے۔جس میں دس سے 15 ایم این ایز شامل ہیں۔جب کہ ایم کیو ایم کے رہنما بھی اپوزیشن سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔لیکن ان میں سے ایک بندہ بھی اتنا خود مختار نہیں ہے کہ کسی سے جا کر اس طرح ملاقات کر آئے۔

چاہے وہ ایم کیو ایم کا ہو یا کسی اور جماعت کا۔جب تک انہیں کہیں اور سے اشارہ نہ ملے بس اس سے زیادہ میں کچھ کہہ نہیں سکتا،بات صرف اتنی سی ہے کہ اشارہ ہو گا تو ملاقات ہو گی۔لیکن ضروری نہیں کہ ملاقات میں ہی سب کچھ طے کر لیا ہو۔واٹر ٹیسٹینگ بھی ہوتی ہے اور سگنلنگ بھی۔نجم سیٹھی کا مزید کہنا تھا کہ اگر ایم کیو ایم والے کسی سے جا کر مل رہے ہیں تو اس میں عمران خان کے لیے بھی اشارہ ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اور اگر شاہد خاقان عباسی کہہ رہے ہیں کہ میں گرفتاری سے نہیں ڈرتا اورنہ ہی میں ضمانت لوں گا اور دوسری طرف یہ کہا جا رہا ہے کہ تحریک انصاف کے دس سے پندرہ لوگ ہمارے ساتھ ہیں تو اس میں بھی عمران خان کے لیے اشارہ موجود ہے۔اور یہ اشارے کسی اور جانب سے کیے جا رہے ہیں۔اس کے دو مقاصد ہو سکتے ہیں یا تو یہ کہ عمران خان صاحب کو بھی پتہ لگنا چاہئیے کہ کچھ ہماری بات بھی سن لیا کرو،ہر بات تم اپنی منوانا چاہتے ہو۔

لیکن ایسے نہیں ہو گا ، کچھ باتوں کو ہم سمجھتے ہیں کہ جیسے معیشت کا بہتر ہونا اہم ہے اور دوسرا یہ کہ اپوزیشن پر ہاتھ ہولی رکھو۔بہت سارے مسائل ہیں اور یہ لمباراستہ ہے جس میں سوچ سمجھ کر چلنا ہے۔خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے اکثر یہ الزام عائد کیا جاتا ہے کہ عمران خان ووٹوں کے ذریعے سے وزیراعظم نہیں بنے بلکہ وزارت عظمی کے لیے ان کا انتخاب پہلے ہی کر لیا گیا تھا۔

یہاں تک کہ اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے عمران خان کو " سلیکٹڈ وزیراعظم" کہا جاتا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے بھی اپوزیشن کے لیے سخت لہجہ اپنایا ہوا ہے۔کہا جاتا ہے کہ عمران خان کسی کی نہیں سنتے صرف اپنی کرتے ہیں۔اسی تناظر میں تجزیزہ پیش کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ عمران خان کو ہلکا سا سبق دینے کے لیے انہیں مختلف طریقوں سے اشارے دئیے جا رہے ہیں کہ صرف اپنی نہیں کرنی ہماری بھی سننی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات